وزیر مواصلات و تعمیرات سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات

جمعرات 24 جنوری 2019 17:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان سے ورلڈ بینک کے ایک وفدنے جمعرات کو پشاور میںملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اکنامک کوریڈور اور خیبر پاس کے منصوبے کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہو ئی اور اس کے متعلق دوسرے اہم امور طے کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ متنی بائی پاس روڈ جوکہ پشاور کوہاٹ روڈ سے جمرود تختہ بیگ کو براہ راست منسلک کرتی ہے کی کشادگی اور چوڑائی کا عمل شروع کرکے اسے چار لینوں پر مشتمل روڈ بنایا جائے گا۔

پراجیکٹ کی اہمیت اور افادیت کے حوالے سے وزیر مواصلات کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پروجیکٹ سے کراچی سے افغانستان اور سینٹرل ایشیا جانے والی بڑی گاڑیاں پشاور شہر میں داخل ہوئے بغیر بائی پاس ہو کراس روڈ سے گزریں گی جس سے پشاور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی اور بڑی گاڑیوں کی دوسرے روڈ پر منتقلی سے ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری مواصلات محمد شاہد خٹک ،چیف انجینئر قبائلی اضلاع عزیر خان اور سپرئٹنڈنٹ انجینئر حامد رئوف قریشی بھی موجود تھے۔اکبر ایوب خان نے ورلڈ بینک کے وفد کے ممبران کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل سے عوام کو ریلیف مل سکے گا۔پشاور شہر میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے کثیر المقاصد منصوبہ بی۔

آر۔ٹی (BRT)بھی جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا اور بڑی گاڑیوں کی آمدورفت متنی بائی پاس سڑک پر منتقل کرنے سے شہرمیں بڑی گاڑیوں کا بوجھ بھی ختم ہوجائے گا جس سے ٹریفک کے مسائل حل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں