شہرام ترکئی کی زیر صدارت محکمہ بلدیات کا جائزہ اجلاس

جمعرات 24 جنوری 2019 17:48

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء)ضم شدہ اضلاع میں میونسپل سروسز کی فراہمی، لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے، تمام تحصیلوں اور سب ڈویژنز میں میونسپل کمپلیکس اور ویلیج کونسل بلاکس اور اربن سنٹرز کی تعمیر، باب خیبر اور دیگر تاریخی مقامات کی تزین و آرائش اور سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل دیگر ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے محکمہ بلدیات کا جائزہ اجلاس زیر صدارت وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی منعقد ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، ڈائریکٹر جنرل بلدیات میاں عادل اقبال، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ضم شدہ اضلاع اور صوبائی ریفارمز یونٹ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا کہ ضم شدہ اضلاع میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے محکمہ بلدیات کی اپنی محکمانہ کارروائی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے میونسپل سروسز مہیا کی جائیں گی جن میںبس اڈوں کی تعمیر، بس سٹاپس پر پختہ شیڈز، مذبحہ خانے اور جنازہ گاہوں کی تعمیر کے علاوہ بازاروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔

لوگوں کی سہولت کے لئے سوشل اور میونسپل سروسز کی ایک ہی چھت کے نیچے سے فراہمی کے لئے تحصیلوں اور سب ڈویژنز کی سطح پر میونسپل کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح ویلیج کونسلز کی سطح پر ویلیج کونسل بلاکس کی عمارات بنائی جائیں گی جہاں ویلیج کونسل ناظم، سیکرٹری کے دفاتر، کانفرنس رومز اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی۔ اجلاس ضم شدہ اضلاع میں رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل وقت چلا گیا اور اب اچھا وقت آ چکا ہے جو قبائلی اضلاع میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب قبائلی اضلاع کے عوام کو صوبے کے دوسرے اضلاع کے برابر سہولیات باہم میسر ہوں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں