غیر ملکی سیاحوں نے جمالگڑھی میں بدھ مت کے آثار قدیمہ کے دورے شروع کردیئے

ہفتہ 16 فروری 2019 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 فروری2019ء)تاریخ میں پہلی بار غیر ملکی سیاحوں نے مردان کے علاقے جمالگڑھی میں بدھ مت کے آثار قدیمہ کے دورے شروع کئے ہیں گزشتہ روز برطانوی سیاحوں نے جمالگڑھی میں بدھ مت کے 2200 سال پرانے آثار قدیمہ کا دورہ کیا۔سیاحوں نے بدھ مت کے آثار میں گہری دلچسپی لی۔انکا کہنا تھا کہ 2200 سال پرانے آثار کو محفوظ کرنا قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

سیاحوں کا کہنا تھا کہ وہ کب سے بدھ مت کے تاریخی مقامات دیکھنے کا انتظار کررہے تھے لیکن کچھ عرصہ صوبے میں امن امان کی صورتحال خراب ہونے کیوجہ سے یہاں آنے سے قاصر تھے لیکن اب سیکورٹی کے حالات ٹھیک ہونے کیوجہ سے انہوں نے یہاں کا رخ کرنا شروع کیا ہے۔ پچھلے ہفتے بھی چینی سیاحوں نے جمالگڑھی میں موجود بدھ مت آثار قدیمہ کا دورہ کیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ صوبے میں موجود بدھ مت کے آثار انکے مقدس مقامات ہیں اور انکے لوگ ان مقامات کو دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں۔یاد رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے میں موجود بدھ مت کے آثار کو محفوظ بنانے اور اسے ترقی دینے کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے ہیں۔بدھ مت سے تعلق رکھنے والے ممالک کو نئی ویزہ پالیسی کے تحت ویزہ آن آرائیول کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں