محکمہ تعلیم میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی جائیگی، ضیاء اللہ خان بنگش

اساتذہ کسی بھی سکول یا دفتر میں مقررہ معیاد پورا کرنے بعد خود بخود ٹرانسفر ہوسکیں گے

جمعہ 22 فروری 2019 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2019ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ محکمہ ایلمنٹری اینڈسیکنڈری ایجوکیشن میں اساتذہ اور تمام سٹاف کیلئے مستقبل میں ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی جائیگی جس کے تحت تمام ضلعی دفاتر ، ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ اور سکولوں کا ڈیٹاڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا اور اساتذہ کسی بھی سکول یا دفتر میں مقررہ معیاد پورا کرنے بعد خود بخود ٹرانسفر ہوسکیں گے۔

انہں نے کہاکہ اس پالیسی سے جہاں سسٹم میں شفافیت بحال ہوجائیگی وہاں پر آئے روز تعلیمی دفاتر اور ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے چکروں سے اساتذہ بچ سکیں گے اور خود کار نظام کے تحت ہرملازم کو معیاد مقررہ کے تحت ٹرانسفر/پوسٹنگ کاعمل مکمل کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

وہ محکمہ تعلیم کی ای فائلنگ اور ای ٹرانسفر پالیسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش اور سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان نے شرکت کی۔

ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ محکمہ تعلیم نے پہلے سے ہی ای فائنگ پرکام شروع کررکھاہے، جبکہ سسٹم میں ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کاعمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب سافٹ وئیر کوڈویلپ کرکے سکولوں کے انرولمنٹ کے طریقہ کار اور ڈراپ آؤٹ ریشو کو بھی ڈیجیٹلائز کیاجائیگا جبکہ محکمہ تعلیم کا ای ۔

ایم ۔ائی ۔ایس اورسکولوں کا ڈیٹاڈیجٹیلائز ہے۔ کامران بنگش نے سائنس ٹیکنالوجی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے محکمہ تعلیم کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ای فائلنگ اور ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت سکولوں کی کارکردگی بہترین ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار میں بہتری بھی یقینی بنائی جاسکے گی۔

انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت جاری کی کہ اس سسٹم پر کام کے رفتار کو تیز کردیاجائے اور آنے والے تعلیمی سیشن اپریل 2019 سے اس کو محکمہ تعلیم میں لاگوکرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ان چھوٹے چھوٹے مسائل سے نکلناہوگا اور تمام تر توجہ بہترین نتائج اور طلباء پر دینی ہوگی کیونکہ اب ہم اس دور میں داخل ہوچکے ہیں کہ ہم کوالٹی ایجوکیشن پر توجہ دے رہے ہیں اور اس ضمن میں اصلاحات کے عمل کو اپنایاجائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں