محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں،امجدعلی

ہمارا صوبہ قیمتی معدنی وسائل سے مالامال ہے جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے گزشتہ مہینے چین کی صف اول کی کئی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں،وزیرمعدنیات خیبرپختونخوا

پیر 18 مارچ 2019 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ محکمہ معدنیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں، ہمارا صوبہ قیمتی معدنی وسائل سے مالامال ہے جن سے فائدہ اٹھانے کے لئے گزشتہ مہینے چین کی صف اول کی کئی کمپنیوں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں اورمذکورہ کمپنیاں خیبر پختونخوا میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی جیم سٹون ،کٹنگ اور پالشنگ کے کارخانے قائم کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا ۔بابر سلیم نے وزیرمعدنیات کو مانسہرہ میں معدنیات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر معدنیات نے ایم پی اے کو جملہ مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انھیں عوامی مفادات عزیز ہیں ، عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے بہترین حکمت عملی وضع کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں اور اب عوام اور حکمرانوں کے درمیان فاصلے ختم ہو کررہ گئے ہیں ۔وزیرمعدنیات نے کہا کہ صوبے میں معدنی ذخائر کی تلاش کیلئے ٹاسک فورس بنا رہے ہیں اس کے علاو ہ معدنیات کے لیز کی نیلامی کے طریقہ کار کو سہل بنایا جا رہا ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی ٹھیکیدار معدنیات کی سرمایہ کاری میں دلچسپی لیں انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مقامی کمپنیوں کو خالصتا میرٹ کی بنیاد پر یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں