عمران کی وزارت عظمی اے این پی کے مینڈیٹ پر ڈاکے کی مرہون منت ہے، امیر حیدر خان ہوتی

مایوسی پھیلانے کی غرض سے پختونوں کے حقیقی خیر خواہوں ،خدمتگاروں کو پارلیمنٹ سے باہر رکھا گیا، اقتدار کی لالچ سے قطع نظر اپوزیشن میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، صدر اے این پی خیبرپختونخوا

منگل 19 مارچ 2019 23:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ اقتدار کی لالچ سے قطع نظر اپوزیشن میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے،اپنی مرضی کی حکومت لانے والے ہمیں عوامی خدمت سے نہیں روک سکتے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمال گڑھی مردان میں تعارفی اجلاس کے دوران پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ضلعی صدر حاجی لطیف الرحمان اور دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ الیکشن سے قبل اے این پی نے جس انداز میں تیاری کی اس سے خائف ہونے والوں نے ہمارے مینڈیٹ پر قبضہ کر لیا، اپنی مرضی کا وزیر اعظم لانے کیلئے چونکہ خیبر پختونخوا کا ووٹ بنک لازمی امر تھا ، انہوں نے کہا کہ عمران صرف پنجاب اور سندھ کے ووٹوں سے کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکتا تھا لہٰذا صوبے میں اے این پی کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیااور اس کے ساتھ ساتھ ایسا کھیل کھیلا گیا کہ پختونوں کے حقیقی خدمتگاروں اور خیر خواہوں کو پارلیمنٹ سے آؤٹ کر دیا گیا تاکہ عوام میں مایوسی بھیلائی جا سکے، انہوں نے کہا کہ بلا شبہ مینڈیٹ چوری کر کے اپنی مرضی کا وزیر اعظم تو لے آئے لیکن وہ ہم میں کبھی مایوسی پھیلانے میں کامیاب نہیں ہوئے ، ہم عوام کی خدمت کیلئے میدان میں موجود ہیں ، امیر حیدر خان ہوتی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کی بدترین مثال قائم کی جا رہی ہے اور اس کیلئے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے، الیکشن سے قبل عوام کو سبز باغ دکھانے والے وزیر اعظم کو آج خود مہنگائی کے اعلانات کیوں کرنا پڑ رہے ہیں ،حکومت چندوں پر نہیں چل سکتی ، انہوں نے کہا کہ لوگوں سے روزگار اور گھر دینے دعوے ہوا ہو چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے اور حکومت چلانے میں بہت فرق ہے، عوام سے تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر ووٹ لے کر اب چندے بھی مانگے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ چکی ہیں اور اب عنقریب روٹی بھی غریب عوام کی دسترس سے دور جانے والی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں