ریگی للمہ میں پشاور کی صحافی برادری کے لیے قائم میڈیا کالونی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی ہدایت

جمعرات 21 مارچ 2019 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات،الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ہدایت کی ہے کہ ریگی للمہ میں پشاور کی صحافی برادری کے لیے قائم میڈیا کالونی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ میڈیا کالونی میں بجلی، گیس، پانی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنانے کے علاوہ سٹیٹ آف دی آرٹ مین گیٹ اور چاردیواری بھی تعمیر کی جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات پشاور پریس کلب کے صدر سید بخار شاہ باچہ، سینئر صحافی ریاض خان داودزئی اور میڈیا ہاؤسسز سے منسلک دیگر صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران پشاور ترقیاتی ادارہ کے حکام کو دیں۔ صحافتی وفد نے پشاور کے صحافیوں کے لئے مختص میڈیا کالونی میں سست روی سے جاری ترقیاتی کاموں پر اپنے تحفظات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر بلدیات کو میڈیا کالونی کے مسائل کے حل کے لئے ذاتی دلچسپی لینے اور بذات خود میڈیا کالونی کا تفصیلی دورہ کرنے کی درخواست بھی کی۔ اس موقع پر پی ڈی اے حکام نے وفد کو آگاہ کیا کہ کالونی کے مین گیٹ کے لئے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ٹیوب ویل کو قلیل مدت میں بجلی مہیا کر دی جائے گی جس کے بعد پلاٹ مالکان کالونی میں تعمیراتی کام شروع کر سکیں گے۔

شہرام خان ترکئی نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ میڈیا کالونی کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا جس کے تحت کالونی میں ہر کام کی تکمیل کے لئے ایک مخصوص دورانیہ مقرر کیا جائے گا اور مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ محکمے سے اس بابت جواب طلبی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ صحافی معاشرے کا عکس ہیں اور ان کو درپیش مسائل اور مشکلات دور کرنا حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے صحافتی وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد میڈیا کالونی کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں