اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں،،سلطان محمدخان

جمعرات 21 مارچ 2019 23:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں اور موجودہ صوبائی حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں سیکنڈری سکول ٹیچر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکنڈری سکول ٹیچر ویلفئر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر روح اللہ جان نے وزیرقانون کو ایس ایس ٹی کی اپ گریڈیشن سے متعلق مطالبات پیش کئے جس پر وزیر قانون نے وفد سے کہا کہ دنیا کے کسی بھی معاشرے میں اساتذہ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اساتذہ سے بچوں کا روشن مستقبل وابستہ ہے اور اس کے ضامن گردانے جاتے ہیں وزیر موصوف نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ اساتذہ کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کو ممکنہ تمام سہولیات فراہم ہو تاکہ تعلیم کے معیار کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے وفدسے کہا کہ اساتذہ برادری اس مشن میں حکومت کا ساتھ دے اور پوری ایمانداری سے قوم کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرے تاکہ بچے مستقبل میں قوم وملک کی احسن انداز سے خدمت کر سکیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں