پشاورپولیس نے تجارتی مراکز پر خواتین سے پرس چھیننے والے دو رکنی گروہ گرفتار کر لیا

ہفتہ 23 مارچ 2019 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) پشاورپولیس نے تجارتی مراکز پر خواتین سے پرس چھیننے والے دو رکنی گروہ گرفتار کر لیا، ملزمان نے کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی روڈ پر شاپنگ کے لئے آنے والی خاتون سے پرس چھین کر فرار ہوگئے تھے، دونوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران خواتین سے پرس چھیننے کے ساتھ ساتھ راہزنی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے نقد رقم، پرس ، موبائل فون اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور پستول بھی برآمدکر لیا گیاہے، دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزما ن سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل یونیورسٹی روڈ پر دو موٹر سائیکل سوار ملزمان خواتین سے پرس چھین کر فرار ہوئے تھے جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تاہم متاثرہ خواتین میں کسی نے بھی رپورٹ کرانے کی خاطر پولیس کے ساتھ رابطہ نہیں کیاتھا، ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی ٹاون ارشد خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ تہکال شہر یار خان اور دیگر پولیس اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے متاثرہ خواتین کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ واقعہ میں ملوث ملزمان کو بھی ٹریس کرکے گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا،ڈی ایس پی ٹاون ارشد خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ تہکال شہر یار خان نے متاثرہ خواتین کا سراغ لگا کر ان کے بھائی صدیق خان ولد شیر محمد ساکن حیات آباد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، مدعی کے مطابق دونوں خواتین حیات آباد سے یونیورسٹی ٹاون خریداری کی غرض سے آئیں تھیں جس کیدوران دونامعلوم ملزمان ان سے پرس چھین کر فرار ہو گئے تھے، ایس ایچ او شہر یار نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات ریکارڈ کئے جبکہ کچھ مشکوک افراد کا ڈیٹا لوکیشن بھی چیک کیا جس کے دوران وقوعہ میں ملوث اصل ملزمان کا سراغ لگا کر جہاد ولد مجاد اور ہارون ولد اورنگزیب ساکنان غریب آبا د کو گرفتار کر لیاگیا، دونوں ملزما ن نے ابتدائی تفتیش کے دوران خواتین سے پرس چھیننے کے ساتھ ساتھ راہزنی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے خاتون سے چھینا گیا پرس، نقد رقم دس ہزار روپے ، موبائل فون اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا، دونوں ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دوران تفتیش ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں