پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح غیر معینہ مدت تک ملتوی

9منصوبے میں اچھی خاصی پیش رفت ہوچکی ہے، بس اسٹیشنز پر کچھ کام اب بھی تاخیر کا شکار ہے اس لئے فیصلہ کیا کہ میں نامکمل منصوبے کا افتتاح نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2019ء) حکومتِ خیبر پختونخوا نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے مسلسل اعلانات کیے جارہے تھے کہ بس منصوبے کا افتتاح 23 مارچ کو کیا جائیگا۔ایک جانب جہاں 23 مارچ سے ایک روز قبل صوبائی حکومت کی وزارت اطلاعات تقریب کی کوریج کیلیے صحافیوں سے بات چیت کررہی تھی وہیں تو وہیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سے بیا ن سامنے آیا کہ وزیراعلیٰ نے نامکمل منصوبے کا افتتاح کرنے سے انکار کردیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر اطلاعات نے منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار بارشوں کو قرار دیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں اچھی خاصی پیش رفت ہوچکی ہے لیکن بس اسٹیشنز پر کچھ کام اب بھی تاخیر کا شکار ہے اس وجہ سے میں نے فیصلہ کیا کہ میں نامکمل منصوبے کا افتتاح نہیں کروں گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ’تختی‘ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اس وجہ سے منصوبے کا افتتاح اس وقت ہی کیا جائے گا جب راہداریاں(جہاں سے بس نکلے گی) استعمال کے قابل ہوں گی۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو خبردار کیا تھا کہ اگر بس منصوبے کا افتتاح 23 مارچ کو نہ ہوسکا تو وہ انہیں عہدے سے برطرف کردیں گے۔تاہم اب ان کا کہنا تھا کہ صرف ایک وجہ سے میں ان عہدیداروں کو برطرف نہیں کررہا کیوں کہ انہیں وعدے کے مطابق منصوبہ مکمل کرنا ہے۔واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے نامکمل بس منصوبے کا افتتاح نہ کرنے کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مشاورت کرنے کے بعد کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں