پیراپلیجک سنٹر حیات آباد پشاور میں پولیو سے متاثرہ مریضوں کی جسمانی بحالی کے لئے مفت خدمات کا آغاز جلد ہو گا

پیر 25 مارچ 2019 19:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) پیراپلیجک سنٹر حیات آباد پشاور میں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار پولیو سے متاثرہ مریضوں کی جسمانی بحالی اورانہیں کارآمد زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لئے جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت خدمات کا آغاز بہت جلد کیا جائے گا- اس بات کا انکشاف پیراپلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیو کے متاثرین کیلئے بحالی کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ مریض کسمپرسی کا شکار تھے -انہوں نے کہا ہے کہ مریضوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لئے پیراپلیجک سنٹر میں ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے عمارت کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے -چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ عنقریب سنٹر میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس پولیو کے متاثریں کی بحالی کا شعبہ مفت خدمات کا آغاز کرے گا -انہوں نے کہا کہ پولیو کے متاثرہ مریض جسمانی بحالی کی سہولیات اور مناسب سامان کی فراہمی کے بعد بھرپور اور کارآمد زندگی گزار سکیں گے چیف ایگزیکٹیو نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خزانہ تیمورجھگڑا اس ماہ کی اٹھائس تاریخ کو پولیو کے متاثرین کی بحالی کی خدمات کے شعبے کا باضابطہ افتتاح کریں گی-

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں