یورپی یونین کا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کو تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار

منگل 26 مارچ 2019 18:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) یورپی یونین نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کو تربیت دینے اور ان کی استعداد کار میں اضافے کے لئے مدد فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس دلچسپی کا اظہار یورپی یونین فنڈڈ پراجیکٹس کی پاکستان میں مانیٹرنگ آفیسر اٹزیار گومیز کارسکو نے منگل کے روز صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، لوکل کونسل ایسوسی ایشنز پنجاب کے ڈائریکٹر انور حسین اور خیبر پختونخوا لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر ثناء اللہ خان بھی موجود تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر بلدیات کو لوکل کونسل ایسوسی ایشنز کی جمہوری نظام میں اہمیت اور افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بلدیاتی نظام مزید فعال اور کارآمد ثابت ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یورپی یونین عہدیدار نے وزیر بلدیات کو بتایا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک میں لوکل کونسل ایسوسی ایشنز موجود ہیں اور باقاعدہ طور پر فعال ہیں۔ وفد کا یہ بھی کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام بہترین ہے اور یہاں کے بلدیاتی نمائندوں کو تربیت دینے اور انہیں باہر کی دنیا کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے میں یورپی یونین بھرپور مدد فراہم کرے گا۔

وفد نے ملاقات کے دوران بتایا کہ ٹی ایل ٹی اے پروگرام کے لئے مردان اور مالاکنڈ سمیت ملک بھر سے 10 کونسلز کو منتخب کیا گیا ہے۔ گومیز کارسکو کا کہنا تھا لوکل کونسل ایسوسی ایشن کے اہم کردار کو دیکھتے ہوئے اس کو نئے بلدیاتی نظام میں قانونی حیثیت دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو بذات خود دیکھیں گے۔

شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ہمارا مجوزہ بلدیاتی نظام پہلے سے زیادہ بہتر اور کارآمد ہوگا جس سے مسائل نچلی سطح پر ہی حل ہوں گے اور یہ حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن عوام کو بااختیار بنانا اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے جس کے لئے نظام میں مثبت تبدیلیاں لانا ناگزیر ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے بلدیاتی نمائندوں کو تربیت فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کرنے پر یورپی یونین عہدیدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء گومیز کارسکو اور پنجاب لوکل کونسل ایسوسی ایشنز کے ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کو عالمی لوکل کونسل کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں