ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے جمعرات کے روز بکوٹ میں کھلی کچہری

جمعرات 18 اپریل 2019 23:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے جمعرات کے روز بکوٹ میں کھلی کچہری کے موقع پر ضلع بھر کے پٹواریوں اور ولیج سیکریٹریوں کوخبردار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ عوام کی سہولت کے لئے اپنے اپنے حلقہ پٹوار اور ولیج کونسل دفاتر میں بیٹھ کر فرائض انجام دیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے پیدائش اور اموات سرٹیفکیٹ کے اجراء سمیت دیگر خدمات کے لئے قائم کیا گیا نادرا سسٹم بھی فوری طور پر ولیج کونسل بکوٹ منتقل کرنے کا حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے نتھیا گلی ۔بکوٹ۔کوہالہ روڈ کی مرمت کے مطالبے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اہم سڑک کی تعمیر نو کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرانے کے لئے صوبائی حکومت کو سفارش کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے عوامی نمائندوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ مواصلات کو 21کلو میٹر روڈ کی تعمیر نو کا تخمینہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ بنیادی مرکز صحت بکوٹ میں منعقد کی گئی کھلی کچہری میں ضلع ایبٹ آباد کے تمام ضلعی ، صوبائی و وفاقی محکموں اور دفاترکے افسران، بلدیاتی نمائندوں اور عام لوگوں نے شرکت کی۔ حاضرین نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو سرکل بکوٹ میں تعلیم، صحت ، آبنوشی ،سڑکوں ، تعلیم اور صحت کے اداروں میں اساتذ ہ، ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کی کمی اور سکولوں کی نامکمل عمارتوں سے متعلق شکایات پیش کیں۔

ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے حاضرین کو بتایا کہ بکوٹ ضلع ایبٹ آباد کا ایک دور افتادہ علاقہ ہے اور ان کا سرکاری محکموں کے سربراہان سمیت یہاں آنے کا مقصد یہی ہے کہ یہاں کے عوام کی مشکلات معلوم کر کے موقع پر ہی دور کی جائیں۔ سکولوں اور مراکز صحت مں اساتذ ہ، ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کمی کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کی یقین دہانی پر بکوٹ، بیروٹ، نمل اور دلولہ میں ایک ہفتے کے اندر ڈاکٹروں کی تعیناتیوں کا اعلان کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ضلعی محکمہ تعلیم و صحت کو ہدایت کی کہ وہ تمام سکولوں اور مراکز صحت کا سروے کر کے عملہ کی کمی کی نشاندہی پر مبنی رپورٹ پیش کریں تا کہ یہ کمی پوری کی جا سکے۔

انہوں نے تعلیم سمیت تمام ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نامکمل تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے اپنے اپنے صوبائی محکموں سے فنڈز طلب کریںجبکہ سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی گئی کہ وہ تعمیراتی منصوبے ادھورے چھوڑنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کرے۔ڈپٹی کمشنر نے ایک شکایت پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے صوبائی حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ناجائز تجاوزات ہٹانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام بھی اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

انہوں نے محکمہ مال کو ہدایت کی کہ وہ سرکل بکوٹ میں سرکاری اراضی پر تجاوزات کی مکمل رپورٹ پیش کرے۔ڈپٹی کمشنر نے کھن کلاں میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ آبنوشی سکیم کی فوری مرمت و بحالی کا حکم بھی دیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں