ڈپٹی کمشنر پشاور موبائل سروس ڈیلیوری یونٹ نے کام کا آغاز کر دیا

جمعہ 19 اپریل 2019 00:07

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر پشاور موبائل سروس ڈیلیوری یونٹ نے جمعرات سے پشاور میں عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے موبائل یونٹ کا باقاعدہ طور پر افتتاح کیا جس میں عوام کو ان کی دہلیز پر ڈومیسائل، اسٹامپ کی فراہمی، زمین کی ملکیت کا ثبوت (فرد)، جائیدادکی منتقلی، جائیداد کی فروخت کے وقت ٹیکس کی معلومات اور اسلحہ لائسنس کی سہولیات دی گئی ہیں۔

یہ موبائل یونٹ ہفتہ میں دو دن پشاور کے مختلف علاقوں میں جا کر عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرے گا۔ موبائل یونٹ کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کے اہلکاراور افسران موجود ہوں گے جو کہ موقع پر ڈومیسائل سمیت دیگر معلومات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز موبائل یونٹ نے شاہین مسلم ٹائون دورہ روڈ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر اصلاح الدین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شہباز خٹک سمیت علاقے کے عوامی نمائندگان، پٹواری ، ویلج کونسل سیکریٹری اور عوام بھی موجود تھی۔

افسران نے اس موقع پر عوام کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا اورموقع پر عوام کو ڈومیسائل جاری کیے گئے۔ شہریوں نے ڈومیسائل سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پہلے ان سہولیات کے لیے ان کو دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے لیکن اب موبائل یونٹ کی وجہ سے ان کو موقع پر ڈومیسائل سمیت دیگر سہولیت میسر ہیں جس کے لیے وہ ڈپٹی کمشنر پشاور کے شکر گزار ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے مطابق ان کو دفتر کی استقبالیہ پر کھلی کچہری میں شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ پشاور میں زیادہ تر اسٹامپ فروش کچہری میںکاروبار کر تے ہیں جس کہ وجہ سے دیگر علاقوں میں ان کو اسٹامپ کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا تھا لیکن اب موبائل یونٹ کی وجہ سے ان کو گھر کی دہلیز پر یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

جبکہ سکولوں میں اس سروس سے طلباء کو موقع پر ڈومیسائل مہیا کیے جائیں گے۔ پہلے روز ان کو ڈومیسائل فارم دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے علاقے سے تصدیق کر سکیں اور دوسرے دن ان فارم کو ضلعی انتظامیہ کے افسران موقع پر دستخط کر کے جاری کرے گا جس سے ان طلباء کا قیمتی وقت بچ جائے گا۔ جبکہ شیڈول کے مطابق ڈی سی موبائل یونٹ کو پشاور کے نواحی علاقوں میں بھی بھیجا جائے گا تاکہ عوام کا کرایہ سمیت قیمتی وقت بچ سکے۔

جبکہ صحافی بھائیوں کی سہولت کے لیے موبائل یونٹ کو پریس کلب بھی بھیجا جائے گا جس میں پہلے دن ان کو ڈومیسائل فارم سمیت دیگر سہولیات کے لیے فارم دیے جائیں گے اور دوسرے دن تصدیق کے بعد ان کو موقع پر جاری کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق اس سروس کے آغاز سے عوام کو بہت فائدہ ملے گا اور پشاور کی انتظامی تاریخ میں آج کے دن کو ہمیشہ یاد رکھا جا ئے گا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں