زیر تربیت مڈکیئرر مینجمنٹ سروس کے وفدکی خیبر پختونخوا پولیس سے متعلق بریفنگ میں شرکت

جمعہ 19 اپریل 2019 19:17

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ لاہور میں زیر تربیت مڈکیئرر مینجمنٹ سروس کے ایک 17 رکنی وفد نے فیکلٹی ممبر محمد فاروق عدیل کی سربراہی میں خیبر پختونخوا پولیس سے متعلق بریفنگ میں شرکت کی۔ وفد اپنی تربیت کے سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں کے مطالعاتی دورے پر ہے۔وفد میں پاکستان آڈٹ اینڈ کانٹس سروس کے شاہد رحمن اور میصم عباس خواجہ، ان لینڈ ریونیو سروس کے زبیر خان اور طارق جاوید، منسٹری آف ڈیفنس کے محمد ندیم، منسٹری آف مذہبی امور کے زاہد محمود، آفس مینجمنٹ گروپ کی رخسانہ فواد ، نیب کے ندیم احمد شاہد، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عامر جاوید،پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کی سعدیہ تحریم، فارن سروس آف پاکستان کے عرفان محمود بخاری، ایوی ایشن ڈویژن کے محمد طاہر خان، آفس مینجمنٹ گروپ کی افشاں صابر، انٹیلی جنس بیورو کے جمیل احمد، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے محمد شاہد اور پولیس سروس آف پاکستان کے نوید عاطف شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز شیر اکبر خان نے شرکاء کو پولیس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے صوبے کے جغرافیائی حالات ، پولیس کے حالات کار ، مشن اور چیلنجز سے نبٹنے کے لیے لائحہ عمل اور پولیس میں متعارف شدہ اصلاحات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ وفد کے ارکان کو صوبہ میں نافذ کردہ قوانین بالخصوص 2017میں لائے گئے پولیس ایکٹ کے بارے میں بھی بتلایا۔ ارکان کی جانب سے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پولیسنگ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہیں وہاں پولیسنگ سے متعلق مختلف امور بالخصوص تربیت اور فورس کی دیگر پیشہ ورانہ لائحہ عمل کے بارے میں بھی بتایا گیا۔آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے وفد کے سربراہ کو یادگاری پولیس شیلڈ بھی پیش کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں