ضم شدہ اضلاع کے عوام صوبے کے دوسرے اضلاع کے برابر سہولیات سے جلد مستفید ہوں گے، شہرام خان ترکئی

جمعہ 19 اپریل 2019 23:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ضم شدہ اضلاع کے عوام صوبے کے دیگر اضلاع کے شہریوں کے برابر سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ ضم شدہ اضلاع کے لوگ سب سے زیادہ توجہ کے مستحق ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولیات پہنچا کر طویل عرصے پر محیط ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ قبائل نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہیں جن کا ہر کوئی معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبر کے ایک روزہ دورے کے دوران مختلف ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ شہرام خان ترکئی نے ملاگوری میں پرائمری سکول کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا اوروہاں پرسکول کے بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے ان کے تعلیم سے متعلق مسائل دریافت کیے اس موقع پر شہرام خان ترکئی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر جمشید خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی جدون خان کو ہدایت کی کہ سکول کے لیے درکار فرنیچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت کو رپورٹ پیش کریں اس سلسلے میں وہ بھی ہر ممکن تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

علاقہ مشران سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ہماری سب سے زیادہ توجہ کے مستحق بھی کیونکہ انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ان علاقوں کے عوام نے ایک طویل عرصے تک تکالیف اور مصائب کا سامنا کرتے ہوئے بیش بہا قربانیاں دیں ہیں جن کا ہم ازالہ کریں گے۔ ان اضلاع کے عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کریں گے جو صوبے کے دیگر اضلاع کے عوام کو میسر ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کے حقوق کے لیے عمران خان نے ہر جگہ آواز بلند کی ہے اور انشاء اللہ تحریک انصاف کی حکومت ان علاقوں کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ دریں اثناء شہرام خان ترکئی نے پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شجر کاری کا آغاز کیا اور عوام میں مفت پودے بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر ڈی ایف او اور دیگر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے جمرود لنڈی کوتل تحصیل میں ورمنڈو دا اول داری چوکی دو کلو میٹر روڈ کا افتتاح کیا جبکہ جمرود میں چھ کلومیٹر علی مسجد تا الچہ روڈ کا سنگ بنیادرکھا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں