پولیو سمیت کوئی بھی ویکسین بغیر ٹیسٹ کے کسی کو بھی نہیں پلائی جاتی،شوکت یوسف زئی

ؔکل پچیس ہزار سے زائد بچوں کو ہسپتال لایا گیا جن میں پولیو کے قطروں سے کسی بیماری کی نشاندہی نہیں ہوئی ، یہ انسداد پولیو مہم کیخلاف منظم سازش ہے اس میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، صوبائی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

منگل 23 اپریل 2019 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات وتعلقات عامہ شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ پولیو سمیت کوئی بھی ویکسین بغیر ٹیسٹ کے کسی کو بھی نہیں پلائے جاتے کل پچیس ہزار سے زائد بچوں کو ہسپتال لایا گیا لیکن کسی میں بھی پولیو کے قطروں سے کسی تکلیف کی نشاندہی نہیں ہوئی پولیو کے خلاف منظم انداز سے سازش کی گئی سازش میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی پولیو قومی کاز ہے اس کو نقصان پہنچانے والے اپنے مذموم ارادے میں کامیاب نہیں ہوں گے عوام کسی کے جھوٹے پروپیگنڈے اور سازشوں میں نہ آئیں ہم دہشت گردی کو شکست دینے والی قوم ہیں پولیو کو بھی شکست دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیو کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے حوالے سے کابینہ ہال سول سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور نائجیریا کے علاوہ تمام دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے ایٹمی ملک ہونے کے ناطے پوری دنیا میں پولیو کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوتی ہے۔ عوام کی مدد سے بہت جلد ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ کریں گے عوام سازشی عناصر کے جھوٹے اور سیاسی پروپیگنڈوں میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پولیو کے خلاف جھوٹا ڈرامہ ایک نجی سکول سے سازش کے طور پر شروع ہوا اور افواہ کے طور پر اس کو پھیلایا گیا۔

میڈیا کے مثبت رویے کی وجہ سے اس کا ڈراپ سین ممکن ہوا حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے ایمبولینس سروس اور ریسکیو 1122 کی خدمات عوام کو دیں. انہوں نے دوران ڈیوٹی شہادت حاصل کرنے والے پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیم اور سیکورٹی عملہ پولیو کے خلاف جہاد کر رہے ہیں پولیو عملے کو پوری سیکیورٹی دی جا رہی ہے سکیورٹی عملہ بھی اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے نبھا رہا ہے قومی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کی نشاندہی ہو رہی ہے اور قانون کے مطابق اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں