کابینہ سے منظور شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ڈاکٹروں کے مفاد کیخلاف کچھ نہیں ہے،عاطف خان

ڈاکٹر برادری احتجاج و ہڑتالوں سے گریز کرکے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں،میڈیکل ٹوارزم کے لئے طریقہ کار وضع کرنے پر کام کیا جائیگا،سینئروزیر

منگل 23 اپریل 2019 23:09

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ کابینہ سے منظور شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ڈاکٹروں کے مفاد کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے ڈاکٹر برادری بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں احتجاج اور ہڑتالوں سے گریز کرکے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔صحت اور تعلیم دونوں شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں گزشتہ دور حکومت میں بھی پاکستان تحریک انصاف صحت کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں لے کر آئی تھی جن کے ثمرات اب لوگوں کو پہنچ رہے ہیں اور یہ سلسلہ موجودہ حکومت میں بھی جاری رکھا جائیگا تاکہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوں۔

ایم ٹی آئی قانون اور صحت انصاف کارڈ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے وہ اقدامات ہیں جن سے صوبے کے غریب عوام کو بہترین اور مفت صحت سہولیات دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

آصف خان کی سربراہی میں انصاف ڈاکٹرز کے نمائیندہ وفد سے ملاقات کررہے تھے۔وفد نے سینئر وزیر کو صوبے میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں انکے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے سینئر وزیر کو صوبے میں میڈیکل ٹورازم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ٹوارزم پر توجہ دینے سے اسے آمدن کا ایک بہترین ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔یورپ اور امریکہ میں میڈیکل ٹوارزم آمدن کے بہترین ذرائع ہیں ہمارے ملک میں بھی بہترین ہسپتال اور ڈاکٹرز موجود ہیں اگر حکومت اس طرف توجہ دے تو یہ آمدن کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔سینئر وزیر عاطف خان نے انصاف ڈاکٹرز فورم کی میڈیکل ٹورازم کے بارے میں کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرف ضرور توجہ دی جائیگی اور صوبے میں میڈیکل ٹوارزم کے لئے طریقہ کار وضع کر دیا جائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں