خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس،چائلڈمیرج ،سری لنکن چرچ دھماکوں اور انصاف کارڈسے متعلق تین قراردادوں کی منظوری دیدی

منگل 23 اپریل 2019 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے اپوزیشن کی غیرموجودگی میں چائلڈمیرج ،سری لنکن چرچ دھماکوں اور انصاف کارڈسے متعلق تین قراردادوں کی منظوری دیدی، پہلی قرارداد پی ٹی آئی کی رکن اور چیئرپرسن وومن کامس ملیحہ علی اصغرنے پیش کی قردادمیں کہاگیاکہ یہ اسمبلی انسانی حقوق کے قوانین کی حمایت کرتی ہے ساتھ ہی بچیوں کی کم عمری میں شادی اور ان پر تشددکی مذمت کرتی ہے پاکستان کاآئین خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کی ضمانت دیتاہے اس لئے یہ اسمبلی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ چائلڈمیرج1929پرنظرثانی کی جائے اور اس حولے سے سخت قوانین کاخاتمہ کیاجائے اور18سال کی عمر میں بچیوں کی شادی کویقینی بنایاجائے ۔

پی ٹی آئی کے رکن عبدالاسلام کی جانب سے پیش کی جانیوالی دوسری قراردادمیں مطالبہ کیاگیاکہ غریب عوام کی طرح سرکاری ملازمین کیلئے بھی صحت انصاف کارڈکااجراء کیاجائے تاکہ وہ بھی مفت علاج کی سہولیات سے مستفیدہوں تیسری قرارداد اقلیتی رکن روی کمار نے پیش کیا قراردادکے متن کے مطابق سری لنکا کے شہرکولمبومیں دہشتگردی کاجوافسوسناک واقعہ ہمارے مسیح بھائیوں کے چرچزمیں اورمقامی ہوٹلوں میں ایسٹرکے موقع پرہوا ہے جس میں تین سوسے زائد لوگ شہید اورچھ سوکے قریب زخمی ہیں یہ اسمبلی اس المناک واقعے کی مذمت کرتی ہے کیونکہ کسی بھی مذہبی عبادات کی جگہوں پر دھماکے کرنا انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے اورکوئی بھی مذہب انتہاپسندی کی اجازت نہیں دیتا ہم اس دکھ کی گھڑی میں سری لنکن عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ،تینوں قراردادیں پیش کرتے وقت اپوزیشن اے ڈی پی میں نظراندازکئے جانے پرواک آئوٹ پرتھی تاہم سپیکر اسمبلی مشتاق غنی نے مذکورہ قراردادوں کی منظوری دیدی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیربلدیات شہرام ترکئی نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ2019بھی ایوان میں پیش کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں