آنے والا بجٹ اعداد و شمار کا ہیر پھیر نہیںبلکہ عوامی امنگوں کا عکاس ہوگا۔تیمور سلیم جھگڑا

بجٹ 2019-20 میں زیادہ ریلیف عام آدمی کو دیا جائے گا۔صوبائی وزیر خزانہ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2019 18:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے پانچ سالہ دور کا سب سے اہم اور تاریخی اہمیت کا حامل بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے جو کہ ماضی کے برعکس صرف اعداد و شمار کا ہیر پھیر نہیںبلکہ عوامی امنگوں کا عکاس اورصوبے و باالخصوص نئے ضم ہونے والے اضلاع کے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن بجٹ ہوگا۔

موجودہ درپیش معا شی چیلنجز کے باوجودبجٹ 2019-20 میں سب سے زیادہ ریلیف عام آدمی کو دیا جائے گا تاکہ لوگوں کی مالی مشکلات کا ہر ممکن ازالہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ صوبائی بجٹ برائے سال-20 2019 سے متعلق محکمہ خزانہ میں منعقدہ اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹر ی خزانہ شکیل قادر کے علاوہ سپشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور محکمہ خزانہ کے دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک تھے۔

سیکرٹری فنانس نے اس موقع پر سالانہ بجٹ 2019-20کے مجموعی خدوخال اورمحکمے کی جانب سے اب تک کی جانے والی تیاری سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ اجلاس میں بجٹ کی تیاری کے لیے ایکشن پلان، محکمانہ بجٹ،صوبائی اخراجات اور صوبائی محاصل سمیت دیگر مالی امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں صوبے اور بالخصوص ضم ہونے والے اضلاع کے ترقیاتی بجٹ کے علاوہ موجودہ بجٹ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بجٹ مجموعی طور پر پورے صوبے کے لیے ہوگا جبکہ اس میں قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں صوبے کی آمدن میں اضافے، اخراجات کو کم کرنے اور ٹیکس اصلاحات کے نتائج حاصل کرنے کے لیے ترجیحات مختص کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ ماضی کی طرح روایتی طور پر صرف کاغذوں پر مشتمل نہیں ہوگا بلکہ ہماری پوری کوشش ہے کہ وسائل اور اخراجات میں کمی لاتے ہوئے پیپر لیس بجٹ پیش کیا جائے،انہوں نے سپیکر صوبائی اسمبلی کواآگاہ کرنے کے لئے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو فوری مراسلہ بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آئندہ صوبائی بجٹ کو عام فہم بنانے کے لیے بجٹ تقریر کا ترجمہ صوبے میں بولی جانے والی اکثریتی زبانوں پشتو، ہندکو اور سرائیکی زبانوں میں عوام کے لئے مختلف فورم پر دستیاب ہوگا ۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت شفافیت پر مبنی بجٹ پیش کریگی تاکہ عام شہری جن کے لیے بجٹ بنایا جاتاہے وہ اس کی تفصیلات سے بھی باخبر ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ قبائلی اضلاع کی ترقی وخوشحالی اور وہاں کے کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ صوبائی وزیرنے محکمہ خزانہ کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجٹ تیاری پر پیش رفت کو مزید تیز کرتے ہوئے تمام امور کو بروقت حتمی شکل دی جائے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں