پشاور،موجودہ دور میں پارلیمانی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا گیا،فرزندعلی وزیر

بدھ 24 اپریل 2019 23:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری فرزندعلی وزیر نے کہاہے کہ موجودہ دور میں پارلیمانی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا گیا،ٹیکنوکریٹس کو مختلف محکمے حوالہ کر دیئے گئے ہیںعمران کی حکومت اب سیاسی نہیں ٹیکنو کریٹس کی حکومت بن چکی ہے جس دن اسٹیبلشمنٹ پیچھے ہٹی عمران خان کی حکومت زمین بوس ہو جائے گی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کی روش پر چل پڑی ہے،وزراء کی وزارتیں تبدیل کرنے سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت کی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ حکومت نے 8ماہ میں اپنی پالیسیوں اور قرضوں کی بھرمار سے خود کو ناکام ترین حکومت ثابت کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کا مقصد ملک دشمنوں کو خوش کرنا ہے، اسٹیبلشمنٹ نے عمران کو اقتدار دلانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا لیکن پھر بھی دو تہائی اکثریت نہ مل سکی، جس کی وجہ سے وہ اٹھارویں ترمیم ختم کرنے کیلئے اہل نہیں تھے،انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پارلیمانی نظام کا حلیہ ویسے ہی بگاڑ دیا گیا ہے اور ٹیکنوکریٹس کو مختلف محکمے حوالہ کر دیئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ کپتان میں اتنی جرات نہیں تھی کہ وہ اسد عمر کو ہٹا سکے ،وزیر خزانہ کو گھر بھیجنے والے پردے کے پیچھے تھے جن کے اشارے پر یہ سب کچھ ہوا ، ایک ناہل کپتان ہی اپنے لئے نا اہل ٹیم چن سکتا ہے اگر ناہل ٹیم گھر جاسکتی ہے تو پہلے نا اہل کپتان کو گھر جانا چاہئے ، انہوںنے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ملک کی بڑی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگا کر پی ٹی آئی کے نام سے مصنوعی جماعت بنائی اور مختلف پارٹیوں سے لوگوں کو نکال کر اس میں شامل کیا،جس دن اسٹیبلشمنٹ پیچھے ہٹی عمران خان کی حکومت زمین بوس ہو جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں