سینئر وزیر عاطف خان کا مردان کے علاقے کچہ سڑک میں سوئی گیس کا افتتاح

علاقے کے ہزاروں صارفین اب سوئی گیس کی سہولت سے مستفید ہوں گے،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،اجتماع سے خطاب

جمعرات 25 اپریل 2019 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر عاطف خان نے مردان کے حلقے پی کے 52 کے علاقے کچہ سڑک، یونین کونسل پار ہوتی، مردان میں سوئی گیس کا افتتاح کیا جس سے علاقے کے ہزاروں صارفین کو اب گیس کی سہولت میسر ہوگی۔افتتاح کے موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو سمیت علاقے کے معززین اور حلقے کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

سوئی گیس افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ الیکشن میں عوام کیساتھ جو وعدے کئے گئے تھے انکو اب عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔پچھلے دور حکومت میں عوام کی بے لوث خدمت کا نتیجہ گذشتہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت کی صورت میں ملا ،عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

ماضی کے روایتی سیاستدانوں نے عوام کو جھوٹے وعدوں اور دعووں کے سوا کچھ نہیں دیا تھا جسکا خمیازہ اب وہ بھگت رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ترقیافتہ ممالک میں ہوگا۔سینئر وزیر نے سوئی گیس افتتاح کے بعد مردان میں جاری دیگر ترقیاتی کاموں کا دورہ کرکے اسکا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے تمام جاری ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں