حکومت صوبے میں صنعتی و تجارتی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے عبدالکریم

جمعہ 26 اپریل 2019 00:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے لیے سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے اور صوبے میں موجود خام مال کو بروئے کار لاکر صوبے کی تجارتی سرگرمیوں میں اپنا حصہ ڈالنا چاہئیے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے صوبے میں پائیدار مالیاتی ترقی کے موضوع پر منعقدہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

معاون خصوصی نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ صوبے کے سستے خام مال سے بھرپور استفادہ حاصل کریں جس میں حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں بیروزگاری پر قابو پایا جاسکے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ نئی اور جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے پیداوار میں اضافہ کریں کیونکہ ہماری یونیورسٹیاںنئی تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سرمایہ کاری کی جائے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے سرمایہ کاروں پر واضح کیا کہ صوبے میںہائیڈرو پاور اور سیاحت میں سرمایہ کاری کے بے پنا ہ مواقعوں سے فائدہ اٹھاکرصوبے میں معاشی استحکام لایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں ہر قسم کے تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔وزیراعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں تجارتی اور صنعتی ترقی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی پالیسی پر صوبائی حکومت عملی جامہ پہنانے کی طرف بڑھ رہی ہے اور حکومت قانون میں صنعتی و تجارتی ترقی کے حوالے سے ضروری ترمیم کر رہی ہے۔

معاون خصوصی نے زور دے کر کہا کہ نئے ضم شدہ اضلاع قیمتی پتھروں اور معدنیات سے مالا مال ہیں اور وہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے علاقے میں معاشی انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے قلیل مدت میں سیمنٹ اور تیل صاف کرنے کی صنعت میں کافی سرمایہ کاری کی ہے۔ اب سرمایہ کار آگے آئیں اور مقامی خام مال کو زیادہ سے زیادہ استعمال میں لاکرصوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں ۔سیمینار میں سرحد چیمبر آف کامرس کے صنعتکاروں اور مختلف محکموں کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ معاون خصوصی نے سیمینار کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں