معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،ضیاء اللہ بنگش

بہتر نتائج دینے والے سکول، پرنسپلز اوراساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی،مشیرتعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 26 اپریل 2019 18:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) مشیر تعلیم خیبرپختونخواضیاء اللہ بنگش نے کہاہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بہتر نتائج دینے والے سکول، پرنسپلز اوراساتذہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ وہ محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان اوربورڈ آف گورنرز ممبران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ بورڈ آف گورنرز نے سابقہ میٹنگ منٹس کی منظوری بھی دی۔ سکول پرنسپل نے بورڈ کو ادارے کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی اورایک سال کے مدت میں حاصلکردہ کامیابیوں سے بورڈ کوآگاہ کیا۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ایبٹ آباد پبلک سکول ایک بہترین درسگاہ ہے جس نے قوم کو بہت اچھے اچھے سپوت دیے ہیں جنہوں نے مختلف اداروں میں اپنی بہترین کارکردگی کا لوہا منوا کراپنے تعلیمی ادارے اور پورے ملک کیلئے نام کمایاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو دورجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ترپیت بھی دی جائیگی جبکہ طلباء کو داخل کروانے کیلئے ٹسٹنگ ایجنسی کو امیدواروں کو سلیکشن کاکام دیاجائیگا۔ تاہم گیارہویں اوربارہویں جماعت میں داخلہ لینے کیلئے انٹرنل نتائج کو بھی فوقیت دی جائیگی اور وہ بھی داخلے اور پروموشن میں شمار ہوں گے۔ بورڈ نے اساتذہ کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ACR اور AERرپورٹس شروع کرنے کی منظوری بھی دی جبکہ سابقہ بجٹ کو بھی منظورکیا۔

اساتذہ کی بھرتی کی منظوری بھی بورڈ آف گورنرز نے دی جبکہ سکول عملے کیلئے منظور کردہ/اعلان شدہ اعزازیہ کیلئے منتخب کردہ بجٹ کو محکمہ خزانہ سے منظوری کیلئے بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔ بورڈ نے سکول پرنسپل کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری کیساتھ ساتھ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف اساتذہ کی پروموشن کی منظوری بھی دی۔

مشیرتعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے ایبٹ آباد پبلک سکول کی کارکردگی کوتسلی بخش قراردیتے ہوئے کہاکہ مزید بہتری کیلئے ادارے کی طرف سے جو بھی سفارشات اورمنصوبے آتے ہیں ان کو ضرور منظورکیاجائیگا۔ تاہم اس میں ایسے منصوبے شامل کئے جائیں جس سے معیار تعلیم میں بہتری کیساتھ ساتھ زیادہ طلباء کو تعلیمی مواقع مل سکیں۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاکہ ایبٹ آباد پبلک سکول میں شروع کردہ سیکورٹی منصوبے، ڈیجیٹل لائبریری، کلاس رومز میں جدید آلات کی فراہمی ، کوچنگ کلاسز نہایت اہمیت کی حامل ہیں جن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں