ایبٹ آباد ، رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کی چیکنگ

منگل 21 مئی 2019 19:03

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء)ایبٹ آباد کی تحصیل لورہ میں بھی رمضان کے دوران اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کی چیکنگ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایت پر تحصیل میونسپل آفیسر لورہ سید سکندر منصور شاہ نے منگل کے روز بھی لورہ بازار میں میونسپل انتظامیہ کے دیگر حکام کے ہمراہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی تفصیلی چیکنگ کی اور اس دورا ن زائدنرخوں کی وصولی ،صفائی کی ناقص صورتحال اور مضر صحت و غیر معیاری اشیائے ضرورت کی فروخت پر درجنوں دوکانداروں پر جرمانے عائد کردیئے۔

ٹی ایم او سکندر منصورشاہ نے خاص طور پر گوشت ،سبزی وفروٹ ،دودھ، پکوڑہ، سموسہ اور مشروبات فروخت کرنے والے دکانداروں کے علاوہ جنرل سٹور مالکان کو متنبہ کیا کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی فروخت اور گرانفروشی سے اجتناب کریں بصورت دیگر ان کے خلاف مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دکانداروں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لورہ کو ضلع کا دورافتادہ مقام تصور نہ کیا جائے جہاں انتظامیہ کی رسائی نہ ہوسکے یا صارفین کو گرانفروشوں اور ناقص اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے ۔

انہوں نے واضح کیا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر نے رمضان کے دوران سرکاری نرخ نامے کی پابندی اور معیاری اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کے لیے سخت احکامات جاری کر رکھے ہیں اس لئے ناقص اشیاء کی دکانوں پر موجودگی بھی برداشت نہیں کی جائے گی اور نہ ہی مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں