خیبرپختونخواحکو مت نے ضم شدہ اضلاع کی تعمیروترقی کے لیے 10ارب روپے مختص کیے ہیں،کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت

منگل 21 مئی 2019 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواحکو مت نے ضم شدہ اضلاع کی تعمیروترقی کے لیے 10ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس رقم سے وانا جنڈولہ، مکین،درازندہ کے ساتھ ساتھ تمام ضم شدہ اضلاع میں اداروں کے دفاتر، ہیڈکواٹرزاوردیگرانفراسٹرکچرکی تعمیر کی جائے گی۔ضلع ٹانک کے وارن کینال منصوبے کی تکمیل سے ٹانک کا 60ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ سیراب ہوگا اس منصوبے کو واپڈا نے 2 ماہ میں مکمل کرکے ہمارے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وارن کینال کی تکمیل سے ضلع ٹانک کے جٹاترایریا کے 16گائوں براہ راست مستفید ہوں گے جبکہ اس کے مجموعی ثمرات سے پورے ضلع کی قسمت بدل جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم سے ایک لاکھ ستر ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو رہی ہے اس ڈیم سے منسلک ٹیل پر پڑے زمیندار پانی کی کمی کی شکایت کرتے ہیں اس حوالے سے اگر تمام زمیندار ایک دوسرے کا احساس کریں اور پانی کو ذمہ داری اور ایک دوسرے کے حق کے لیے استعمال کریں تو اس شکایت کا خاتمہ یقینی ہے۔

انہوںنے کہاکہ درازندہ سے لے کر باجوڑ تک تمام ہیڈکواٹرز میں انفرادی سطح پر زمینی حقائق اور ضروریات کی باریک بینی جانچنے کے بعدانفراسٹرکچرکے منصوبے حکومت کو بھجوا دیئے گئے ہیں جس سے یقینا قبائلیوں کو سہولیات میسر ہوںگی وہاں حلقہ بندیوں کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے تاہم نشستوں میں اضافے سے یقینا اسمبلیوں میں قبائل کی نمائندگی میں اضافہ کے ثمرات سے ضم شدہ اضلاع کے باسی مستفید ہوںگے۔

ان اضلاع میں خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کی ملازمت کو تحفظ دینا ایک بہت بڑا مسئلہ تھا جسے صوبائی حکومت نے حل کردیا ہے ان اہلکاروں کو پولیس اورپاک فوج کے اہلکاروں کے ذریعے ضروری تربیت بھی فراہم کی جائے گی اور ان کی ملازمتیں بھی محفوظ ہوگئی ہیں انہوں نے کہا کہ بطور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان تمام محکموںکی ماہانہ کی بنیادوں پر کارکردگی مانیٹرکررہے ہیں اور تمام پہلوئوں پر غور کیا جاتا ہے جبکہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے 24گھنٹے متحرک رہتے ہیں عوام کی جانب سے براہ راست کمشنر دفتر کو موصول ہونے والی شکایات پر بھی ایکشن لیا جاتا ہے جبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل اور شکایات پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کی جاتی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں