ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرکے رحم دلی اور حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے،وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان

جمعرات 23 مئی 2019 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کامیاب مذاکرات کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات ہے، ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کرکے رحم دلی اور حب الوطنی کا ثبوت دیا ہے،پشاور میں جاری بیان میں وزیرصحت نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں ڈاکٹرز کے تحفظات دور ہوناانتہائی خوش آئند امر ہے ،اس کیلئے وزیراعلیٰ اور ڈاکٹرزکا شکر گزار ہوں،ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز عوام کو پیش آنے والی تکالیف اور مشکلات کو سمجھتے ہوئے مذاکرات کیلئے تیار ہوئے ، انہوں نے کہا کہ مذاکرات مسائل حل کرنے کا واحد حل ہے جس کے ذریعے تحفظات اور غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیرصحت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ محمود خان کی سربراہی میں ہیلتھ ریفارمز لانے کا مقصد عوام کو صحت کی بہترین اورمعیاری سہولیات فراہم کرنا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ،دیگر عملے، مشینوں اور آلات وغیرہ کی کمی کو دور کرنا ہے ، ہیلتھ ریفارمز کے ذریعے عوام کو سستا اور معیاری علاج دینا چاہتے ہیں، انہو ں نے کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی میرے بہن بھائی ہیں ان کو تمام سہولیات اور سیکورٹی فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے -ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے بتایا کہ وہ مستقبل میں بھی ڈاکٹر وں سے اسی رویہ کی امید رکھتے ہیں ، آرایچ اے اور ڈی ایچ اے ایکٹ سمیت دیگر مسائل پر ڈاکٹروں کے تحفظا ت کو دور کیا جائے گااوران کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ ان کے تمام جائز مطالبات پورے کیے جائیں گے تاکہ حکومت اور صحت ملازمین کے درمیان اعتماد کی فضاء برقرار رہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں