حکومت کوجمہوری کہنا مناسب نہیں ، ملک بچانے کا واحد راستہ جمہوریت ہے،ایمل ولی خان

جمعہ 24 مئی 2019 21:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کوجمہوری کہنا مناسب نہیں ہے درحقیقت یہ بہروپیئے ہیں جو روپ بدل کر آئے ہیں،عید کے بعد ملک میں کمرتوڑ مہنگائی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ولی باغ چارسدہ میں پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کی بالادستی کیلئے ہمیشہ کوششیں کیں،ملک کو بچانے اورچلانے کا واحد راستہ جمہوریت ہے ، حکومت نے مہنگائی کی صورت میں عوام پر وہ ظلم ڈھائے ہیں کہ اس کے اثرات نسل در نسل دیکھے جائیں گے، حکومتی ناقص معاشی پالیسیوں کی بدولت غریب غربت کی لکیر سے نیچے جاچکا ہے جبکہ بے جا ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کے پیش نظر کاروباری افراد میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے موجودہ کٹھ پتلیوں سے نجات حاصل نہ کی گئی تو پاکستان کا نام بھی باقی نہیں رہے گا، ایمل ولی خان نے کہا کہ جب کسی معیشت میں اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جائے تو اسے افراط زر کا نام دیا جاتا ہے لہٰذا افراط زر ہی مہنگائی کا منبع ہے،انہوں نے کہا کہ نااہل اور عوامی نمائندگی کا حق نہ رکھنے والے لوگوں کی وجہ سے ہماری آبادی کا 54 فیصد حصہ غربت کے کم از کم معیار سے نیچے زندگی بسر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کی قوت خرید میں کمی، اشیائے خوردو نوش و اشیائے ضروریہ اور بجلی ،آئیل و گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے افراط زر کے باوجود معیشت کی افزائش نمو سست روی کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا بنیادی مقصد ملک کو بچانا ہے اور اس کیلئے عید الفطر کے بعد مجوزہ اے پی سی میں غور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کے نمائندے نہیں اور نااہل ہیں، دس ماہ میں ملک ایسے گہرے سمندر میں جاگرا ہے جس کو سنبھالنا قومی فریضہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سنبھالنے اور چلانے میں ناکام ہوگئی ہے اور اس حکومت کے نتیجے میں عوام مہنگائی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے ، ملک کی معاشی پالیسیاں اور بجٹ بھی آئی ایم ایف بنائے گا جس کے عوام دوست ہونے کی توقع عبث ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صورتحال یکسر تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب قوم کو ان مسلط اور نااہل حکمرانوں سے نجات مل جائے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں