cسوات انتظامیہ کا پولی تھین بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن

اتوار 16 جون 2019 22:05

۴پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2019ء) سوات کی ضلعی انتظامیہ نے پولی تھین بیگز کی تیاری اور استعمال کے خلاف وزیراعلی محمود خان کے سخت احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے پورے ضلع میں کہیں بھی ماحول دشمن شاپرز تیار کرنے والی فیکٹریوں اور اسکی خرید و فروخت کرنے والے ہول سیل ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ڈپٹی کمشنر ثاقب رضا اسلم نے اس سلسلے میں سوات کی ساتوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے ماتحت عملے کے ہمراہ بازاروں اور کارخانوں پر چھاپے مارنے اور برآمد ہوئے پولی تھین بیگز کو فوری تحویل میں لے کر ضائع کرنے کی ہدایت جاری کی جس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے تمام مارکیٹوں میں کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران ہول سیل ڈیلروں اور دکانداروں سے سینکڑوں کلوگرام پولی تھین بیگز کو قبضہ میں لیکر تلف کیا گیا جبکہ متعدد پولی تھین فیکٹریوں کو بھی انتظامیہ سے عدم تعاون کرنے پر سیل کر دیا گیا اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی سید عامر علی شاہ نے بازاروں اور مارکیٹوں میں تاجر برادری اور فیکٹری مالکان کو ماحول دشمن پولی تھین ازخود تلف کرنے کے انتباہ پر عمل درآمد نہ کرنے پر ایکشن لیتے ہوئے مینگورہ میں ماحول دشمن پولی تھین بیگز تیار کرنے والی چھ فیکٹریوں کو خود سیل کیا جبکہ 162 کلوگرام سے زائد وزن تک پولی تھین بیگز مارکیٹ سے اٹھا کر ضائع کرنے کے علاؤہ کء ہول سیل ڈیلروں کی دکانوں کو بھی واضح احکامات کے باوجود انتظامیہ سے تعاون نہ کرنے پر مکمل طور پر سیل اور تالہ بند کر دیا واضح رہے کہ وزیرآعلیٰ محمود خان کا صوبائی حکومت کے پہلے سے جاری کردہ احکامات اور پالیسی کے باوجود پولی تھین بیگز کے استعمال کی سختی سے حوصلہ شکنی سے متعلق ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سوات کی جانب سے تاجر و دکاندار برادری اور فیکٹری مالکان کو انتباہ جاری کی گئی کہ وہ 24 گھنٹے کے اندر ماحول دشمن پولی تھین بیگز مارکیٹ سے ازخود رضاکارانہ طور پر اٹھا کر ان کی جگہ ماحول دوست ڈیگریڈ ایبل شاپرز کا استعمال یقینی بنائیں بصورتِ دیگر انتظامیہ سخت ترین کاروائی پر مجبور ہوگی اور پولی تھین بیگز کی تیاری اور خرید و فروخت میں ملوث کارخانوں اور ہول سیل مارکیٹیں بند کرنے کے علاؤہ برآمد ہونے والے ماحول دشمن تمام مواد کو فوری قبضہ میں لیکر ضائع کیا جائے گا جس کے اگلے روز تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ایکشن میں آگئے ڈپٹی کمشنر ثاقب رضا اسلم نے انتظامیہ اور جوڈیشل افسران کو یہ مہم کسی بھی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں لائے بغیر پوری قوت سے جاری رکھنے جبکہ پولی تھین بیگز کے مراکز کو سیل کرنے کے علاؤہ مزاحمت کرنے والے تاجروں اور فیکٹری مالکان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کرنے اور قانونی چارہ جوئی کے بعد دور دراز کے جیلوں میں بند کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں