پولیو وائرس کا قلع قمع کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ڈی سی ڈی آئی خان

منگل 18 جون 2019 23:57

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد عمیر نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کا قلع قمع کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ شب سرکٹ ہائوس ڈیرہ میں 17تاریخ سے جاری انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، ڈبلیو ایچ او، ای پی آئی ، این سٹوپ آفیسرکے علاوہ محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، بلدیات و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ جاری مہم کے دوران ایک لاکھ بائیس ہزار پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوا کر 78%تک ہدف حاصل کیا گیا ہے جو کہ تسلی بخش ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تمام ادارے پولیو کے خطرناک اثرات کا قلع قمع کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ریفیوزل کیسز پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے اور اس کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں من حیث القوم اس کار خیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے جعلی فنگر مارکنگ کی اطلاع ملنے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جعلی فنگر مارکنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور اس قسم کے فعل میں ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاری مہم کیلئے تمام تر انتظامات اور تیاریاں بروقت مکمل کر لیے گئے تھے تاہم اس لحاظ سے مہم کے دوران کارکردگی کو مزید بہتر ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داران کو مشترکہ کوششوں کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے جاری مہم کے دوران غیر حاضر پائے جانے والے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی جبکہ اجلاس کے دوران دیگر نقائص و خامیوں پر بھی تفصیلاً غورو خوص کیا گیا اور ان کے حل کیلئے مختلف تدابیر بھی پیش کی گئیںتاکہ مہم کے دوران مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں