عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،ڈاکٹرامجدعلی

پیر 15 جولائی 2019 23:53

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیرمعدنیات ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، جس سے حقیقی تبدیلی کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جبکہ ہماری خدمت بلا تفریق پارٹی کے جاری ہے۔ ترقیاتی کاموں میں سب کو حصہ دے رہے ہیں تا کہ احساس محرومی اور غربت کا صحیح معنوں میں خاتمہ ہو سکے۔

اسی مقصد کے لئے وزیراعظم عمران کے وژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لئے ہم سب نے مل کر آگے آنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ڈاکٹرامجد علی نے پی کے 06، تیرنگ سوات میں 70 لاکھ روپے کی لاگت سے تکمیل شدہ واٹر ٹینک اور پائپ لائن کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر خطیرفنڈز خرچ کر رہی ہے۔

جس کا واحد مقصد بغیر کسی لالچ اور پارٹی تعلق کے عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق سوات سے غربت مٹانے کے لئے سیاحت سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ جس کے اثرات تمام صوبے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اہل علاقہ کو یقین دلایا کہ پانی، نکاسی آب اور صحت و صفائی کے حوالے سے حکومت مسائل سے باخبر ہے اور ترجیحی بنیادوں پر اس کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔وزیرمعدنیات نے اس موقع پر مقامی لوگوں کے مسائل بھی سنے، اور موقع پر ان کے حل کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے عوامی نمائندوں نے اپنے آپ کو متحرک کیا ہوا ہے، تاکہ لوگوں کے مسائل جلدسے جلدحل ہوسکیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں