اسلحہ کی نوک پر کاروباری لوگوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

جمعہ 19 جولائی 2019 23:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے اسلحہ کی نوک پر کاروباری شخص سے ویگو گاڑی ، رجسٹریشن اور قیمتی موبائل فون چھیننے والے دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزما ن نے مردان کے تاجر کو حیات آباد سے واپسی پر باڑہ روڈ کسٹم چوک کے قریب مسلح ملزمان نے لوٹا تھا، گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے چھینی گئی ویگو گاڑی ، رجسٹریشن،موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والااسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ، دونوں ملزما ن سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے اہم اور سنسی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مدعی محمد یونس ولد شاہ ولی سکنہ مردان نے تھانہ پشتخرہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ کاروبای لین دین کے سلسلے میں پشاور حیات آباد آیا تھا کہ واپسی پرباڑہ روڈ کسٹم چوک کے قریب چند نقاب پوش ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر اس سے ویگو گاڑ ی، گاڑی کے کاغذات اورقیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ محمد اشفاق کی سربراہی میں اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین اور ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ نعمان خان پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے گرفتار کرنے اور ان کے قبضہ سے چھینی گئی گاڑی وغیرہ برآمد کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔

اے ایس پی حیات آباد نجم الحسنین کی سرابراہی میں ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ نعمان خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے، اسی طرح مدعی کے کاروباری شراکت داروں اور دیگر قریبی ساتھیوں کی بھی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچانے کی خاطر حالیہ دنوں میں جیلوں سے رہا ہونے والے راہزنوں کی بھی نگرانی شروع کی جس کے دوران وقوعہ میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کرگزشتہ روز کامیاب کارروائی کے دوران ملزمان عارف اور زاہد پسران شیر خیل ساکنان حیات آباد کو گرفتار کر لیا، دونوں گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کیدوران مردان سے تعلق رکھنے والے کاروباری شخص سے اسلحہ کی نوک پر قیمتی گاڑی، رجسٹریشن اور دیگر سامان لوٹنے سمیت متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف کیا جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے چھینی گئی گاڑی ،موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والااسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، گرفتار ملزما ن سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے اہم اور سنسی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں