دہشت گردی کو شکست دے کر کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کردئیے ہیں،صوبائی وزیر اطلاعات

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دے کر کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کردئیے ہیں۔ نیشنل فٹ بال چیلنج کپ 2019 کا پشاور میں انعقاد نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک میں امن و امان کا ثبوت ہے۔ نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبے میں 100 سے زیادہ گراؤنڈز بنا چکے ہیں۔

ساڑھے پانچ ارب روپے کی خطیر رقم سے صوبے میں تمام کھیلوں کو سپورٹ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے طہماس خان سٹیڈیم میں نیشنل فٹ بال چیلنج کپ 2019 کے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاکستان فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق حسین شاہ اور چئیرمن خیبرپختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن سید ظاہر علی شاہ بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاک فوج، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے بے تحاشہ قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کو شکست دے کر پورے ملک میں امن آچکا ہے۔ صوبائی حکومت کی دلچسپی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی وجہ سے آج پورے ملک میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو گئے ہیں۔ نیشنل فٹ بال چیلنج کپ 2019 کا انعقاد پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔

کھیلوں کی بدولت پاکستان کا سافٹ امیج دنیا کو دکھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال بین الاقوامی سطح پر مقبول ترین کھیل ہے صوبے میں فٹبال کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ماضی میں خیبرپختونخوا نے فٹبال کے بہترین کھلاڑی پیدا کیے۔ اس قسم کے ٹورنمنٹ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کو اپنے جوہر دنیا کو دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے نیشنل فٹ بال چیلنج کپ 2019 کا پشاور میں انعقاد پر پاکستان فٹبال فیڈریشن اور خیبرپختونخوا فٹبال ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر نے فٹبال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں