پشاور،موجودہ حکومت غلط پالیسیوں کی بدولت اپنی ساکھ کھو چکی ہے،سکندر حیات خان شیرپائو

پیر 22 جولائی 2019 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنما سابق سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غلط پالیسیوں کی بدولت اپنی ساکھ کھو چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں کیو ڈبلیو پی سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور کے علاوہ 25جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے یوم سیاہ جلسہ کے حوالے تفصیلی گفتگو ہوئی اور جلسہ میں پارٹی کارکنوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ۔

سکندر شیرپائو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت تاریخ کی واحد حکومت ہے جو ایک سال کے اندر اندر عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں کی بدولت عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں اور اسی طرح نااہل حکمرانوں کی خارجہ پالیسیوںکی وجہ سے ملک بین الاقوامی سطح پر تنہائی کا شکار ہورہاہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو نہ صرف ہوشربا مہنگائی کا سامنا ہے بلکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے وہ بے یقینی کا شکا ر ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کے مسائل و مشکلات اور احساس محرومی کے خاتمے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گی اور اس ضمن میں ان کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔اجلاس میں سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے سابق جنرل سیکرٹری محمد شاہ خان ،ملک عدیل اعوان،شاہ ولی خان،ملک عثمان ،حاجی شمس الدین اور ممتاز قانوندان ہاشم رضا ایڈوکیٹ کے علاوہ پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں