کوہاٹ میں ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پر 4دکانیں سیل

منگل 23 جولائی 2019 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کامران خان نے کہا کہ کوہاٹ میں 19 دودھ کی دُکانوں سے نمونے لے کرٹسٹ کئے گئے جن میں سے چار دُکانوں کے دودھ میں 20 فیصد سے زائد پانی کی ملاوٹ پائی گئی جن کو مسلسل خلاف ورزیوں پر سیل کیاگیا جبکہ بقیہ15 نمونے اتھارٹی کے معیار کے مطابق پائے گئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کہا کہ یہ نمونے ہنگو روڈ، بنوں روڈ اور کوہاٹ سٹی سے لئے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے مارچ 2018سے لیکر اب تک 5000سے زائد دودھ کے نمونے حاصل کئے جن میں کوہاٹ اورپشاور جانے والے 20 فیصد دودھ کے ٹینکر بھی شامل تھے۔ تاہم ان نمونوں میں کوئی مضر صحت کیمیکل نہیں پایاگیا تھا۔ ان نمونوں میں صرف پانی کی ملاوٹ یا فیٹس نکالنے کی شکایات تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک الگ آپریشن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے کوہاٹ جانے والی ایک گاڑی کو روکا گیا جس سے غیر معیار آئس کریم کے ایک ہزارپیکٹ برآمد کئے گئے۔ آئس کریم کو ضبط کرکے مالک پر بھاری جرمانہ عائد کیاگیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں