صوبائی حکومت اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی، شوکت یوسفزئی

منگل 23 جولائی 2019 20:02

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو اپوزیشن جلسہ کرے، جلوس نکالے یا دھرنا دے صوبائی حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی بلکہ ہم اپوزیشن کی تمام ایونٹ کوfacilitate کریں گے۔ وہ اپنے دفتر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم جمہوریت پسند ہیں اور ووٹ کے ذریعے حکومت منتخب ہو کر آئی ہے جس کا مینڈیٹ پانچ سال کا ہے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ معیشت کو بہتر کریں، کرپشن اور مہنگائی کو ختم کریں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان نے اپوزیشن کو صوبے میں جلسے جلوس کرنے کے لیے کھلی آزادی دی ہے، ہم کسی سے نہیں گھبراتے اپوزیشن کے پاس کیا ایشوز ہیں کہ وہ مظاہرہ کرنے جارہی ہے، 35 سال عوام نے ان کی لوٹ مار کو برداشت کیا ہے اب جب معیشت بہتر ہو رہی ہے، وزیراعظم عمران خان امریکی دورے پر ہیں اور پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہو رہا ہے تو اپوزیشن احتجاج کرنے لگی ہے، وزیراعظم عمران خان پہلے لیڈر ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی نمایاں ہوئی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر مسئلہ کشمیر نمایاں ہوا ہے، پہلی مرتبہ امریکی لیڈر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کوششوں کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے پانچ سال انتظار کرنا ہی پڑے گا، عوام پوچھتی ہے کہ اپوزیشن احتجاج کیوں کر رہی ہے نواز شریف اور زرداری کرپشن پر جیل گئے ہیں کیا ان کو آزاد کرا دیا جائے جب تک ان سے پائی پائی وصول نہیں کی جاتی ان کو جیل سے کیسے رہا کیا جا سکتا ہے، اب پاکستان ٹریک پر آچکا ہے، اپوزیشن کی جلسیوں اور دھرنیوں سے کچھ نہیں ہوگا، پاکستان ترقی کرے گا آگے بڑھتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بنیادی مسائل اور مسئلہ کشمیر و مسئلہ افغانستان حل ہونے کی طرف جا رہا ہے جس کے بعد پاکستان کے اندر خوشحالی کا دور آئے گا ترقی کا دور آئے گا کر پشن منی لانڈرنگ ختم ہو رہی ہے ، لوگ سرمایہ کاری کے لیے آرہے ہیں پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور جو لوگ احتجاج کر کے عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں عوام ان کا ساتھ کبھی نہیں دے گی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی بڑا ایشو نہیں ہے وہ ہر وقت ٹی وی پر آکر بی آر ٹی ٹی بلین ٹریزسو نامی جیسے ایشوز کو اٹھاتے ہیں لیکن یہ ایک پائی کی کرپشن آج تک ثابت نہیں کرسکے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جس نے ملک کو لوٹا ہے وہ قوم کا مجرم ہے اس لیے مجرموں کو جیلوں میں کوئی سہولت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ شور مچا رہے ہیں ان کو اپنا خوف ہے کہ کل ان کی باری ہو ان میں سے کسی کو عوام کی فکر نہیں، مریم اور بلاول کو اپنے اپنے والد کی فکر ہے جبکہ باقی اپنے بچائو کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن عمران خان کسی چور کو چھوڑنے والا نہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں