تھیلی سیمیا آگاہی مہم،فرنٹیئرفائونڈیشن کے زیراہتمام تقریب

عوام میں شعور اجاگر کئے بغیر تھیلی سیمیا پر قابو پانا ممکن نہیں ہو گا،ڈاکٹر فخرزمان کاخطاب

ہفتہ 17 اگست 2019 19:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) عوام میں جب تک شعور اجاگر نہیں ہوتا تھیلی سیمیا جیسے خون کے موروثی مرض پر قابوپانا ناممکن ہے،شادی سے قبل تھیلی سیمیاکاٹیسٹ کرانے سے ہم آئندہ نسلوں کو محفوظ بناسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار فرنٹیئرفائونڈیشن کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹرفخرزمان نے شبقدرضلع چارسدہ میں تھیلی سیمیا سے آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب کا انعقاد سماجی کارکن محمدایوب کے تعاون سے حاجی دلاور خان کے حجرہ میںکیا گیا جس میں حکومتی اہلکاروں، مریضوں اور ان کے والدین کے علاوہ عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی، تقریب میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریاض خان نے خصوصی طور پر شرکت کی،ڈاکٹرفخرزمان نے کہا کہ تھیلی سیمیا کے پھیلائو کی بڑی وجہ کزن میرجز ہیں،اگر احتیاط سے کام لیا جائے تو تھیلی سیمیا پر قابو پانے میں مدد ملے گی، انہوں نے شرکاء تقریب کو تھیلی سیمیا، اس کے پھیلائو کی وجوہات، علاج اور اس کی روک تھام کے حوالے سے آگاہ کیا، اس موقع پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریاض خان نے تھیلی سیمیا کیخلاف جدوجہد پر فرنٹیئرفائونڈیشن کے کردار کو سراہا اور تھیلی سیمیا آگاہی مہم اور اس پر قابو پانے کیلئے جاری کوششوں میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں