ضلع بھر میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقاریب کا انعقاد اور شجر کاری کی گئی

پیر 19 اگست 2019 20:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) مرکزی اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میںضلع بھر میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقاریب کا انعقاد اور شجر کاری کی گئی۔مہم کے تحت گلیات، ٹھنڈیانی، بانڈہ پیر خان، قلندرآباد، حویلیاں، لورہ، بکوٹ، بانڈی ڈھونڈاں، کالو بانڈی، میر پور، سجیکوٹ، منڈیاں اور دوسرے کئی مقامات پر ضلعی انتظامیہ،سرکاری محکمہ جات، سول سوسائٹی اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے پودے لگائے گئے۔

اس مہم کے تحت ضلع بھر میں مختلف مقامات پر ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقریب کا باقاعد ہ آغاز ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادعامر آفاق نے مرکزی عید گاہ میں پودے لگا کر کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر فارسٹ اعجاز قادر، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبد الواجد، سول سوسائٹی اور انجمن شہریان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اس موقع پرسول سوسائٹی اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ شہرکی آب و ہوا کو بہتر بنانے اور بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، سوشل وہلفیئر، رضاکاروں اور باقی تمام محکموں کو محکمہ جنگلات کی جانب سے پودے فراہم کیے جار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام شہری بھی پودوں کے حصول کے لیے محکمہ جنگلات کے دفتر جو کہ سرکلر روڈپر شہزادہ مسجد کے قریب واقع ہے سے رابطہ کریں اور اپنے اردگرد موجود جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔ شہری مزید معلومات کے لیے ضلعی کنٹرول روم کے فون نمبر 09929310553 اور پودوں کے حصول کے لیے محکمہ جنگلات سے 09929310306پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں