مسلہ کشمیر کی سنگینی پچھلے حکومتوں کی عدم توجہ کا نتیجہ ہے ، اجمل خان وزیر

عمران خان کی کوششوں سے ایک بارپھر دنیا کو جموں وکشمیر کی نازک صورتحال کا احساس ہوا ہے ،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

منگل 20 اگست 2019 21:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) وزیراعلی کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و ترجمان خیبر پختونخواحکومت اجمل خان وزیر نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے ایک بارپھر دنیا کو جموں وکشمیر کی نازک صورتحال کا احساس ہوا ہے اور آج ہماری حکومت کی کوششوں سے جموں وکشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔اپوزیشن کی سیاسی تدبیروں کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب روم جل رہا تھا اس وقت نیرو بانسری بجارہاتھا آج بھی کچھ ایسی ہی صورتحال ہے ایک طرف کشمیر جل رہا ہے جبکہ دوسری طرف حزب اختلاف ابو بچاو مہم چلارہی ہے۔

ان کے مطابق خود کو کشمیری رہنما کہنے والے سیاستدانوں نے اس مسئلے کو پاتال میں دفن کردیاتھا اور یہی وجہ ہے کہ آج جموں وکشمیر کو جیل میں تبدیل کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

سرحدوں پر ہندی دراندازی بارے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا ایک طرف بارڈر پر ہمارے جوانوں اور شہریوں کو شہید کررہا ہے جبکہ دوسری طرف سیلابی ریلا دریاوں میں چھوڑ کر ہمارے علاقوں کو ڈبونے کی کوشش کررہا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اس نازک موڑ پر ریاست کے ہاتھ مضبوط کرنے کی بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دے رہی ہیں۔اپوزیشن اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلٰی کے مشیر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی کشمیر کاز پر بات کرنے کی بجائے حکومت پر سیاسی حملے کئے گئے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن نے اتفاق واتحاد کی بجائے انتشار پھیلایا۔لیکن جب بات مقبوضہ جموں وکشمیر کی آئی تو اس میں ان جماعتوں کی دوسرے درجے کی قیادت شرکت کرتی ہے۔ کشمیری عوام کو اس وقت پاکستان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں