خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا قدام، گلیات میں گورنر ہاؤس اور وزیراعلی ہاؤس سمیت پانچ اہم رہائش گاہیں عوام کیلئے کھول دی گئیں

ہفتہ 24 اگست 2019 00:03

پشاور۔23اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) خیبر پختونحوا حکومت کا صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ایک اور بڑا اقدام۔وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے سیاحتی مقام گلیات میں قائم گورنر ہاوس، وزیراعلیٰ ہاؤس، سپیکر ہاؤس، آئی جی ہاؤس اور کرناک ہاؤس جیسی اہم سرکاری رہائش گاہیں عوام کے لئے کھول دی گئی ہیں۔

ایبٹ آباد کے پر فضا مقام نتھیا گلی کی ان پانچ اہم سرکاری رہائش گاہوں کے علاوہ صوبہ بھر کے 169 سرکاری ریسٹ ہاوسز کوبھی محکمہ سیاحت کے حوالے کر دیاگیا۔ ان ریسٹ ہاؤسز میں سے 49 عمارتیں اس وقت عوام کیلئے کھلی ہیں ۔ تاہم باقی سرکاری ریسٹ ہاوسز کو تزئین و آرائش اور مرمت کے بعد مرحلہ وار کھول دیا جائیگا۔گلیات میں واقع اہم سرکاری عمارات تاریخی لحاظ سے بھی اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

سطح سمندر سے 7922 فٹ بلندی پر واقع 8 کمروں پرمشتمل گورنر ہاوس 76 کنال اراضی پر محیط ہے جو 1923 میں تعمیر ہواہے۔اسی طرح وزیر اعلیٰ ہاوس 1932, سپیکر ہائوس 1939, آئی جی ہاوس1929اور کرناک ہاوس 1932 میں تعمیر ہوا۔گلیات میں موجود ان اہم سرکاری عمارات میں اب عام شہری بھی ان لائن بکنگ کرا کے ان پر تعیش مقامات میں کمرے کی بکنگ کرکے قیام کر سکیں گے۔اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت عاطف خان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس اقدام سے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو تاریخی مقامات پر قیام کا موقع مل سکے گا جبکہ ملکی معیشت کوبھی فائدہ ہوگا، فیصلہ یکساں طبقاتی نظام کے قیام کی جانب پہلا قدم ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں