ریسکیو اور شہری دفاع دریائے سوات سے سیمنٹ ٹرک حادثہ میں لاپتہ لاش نکالنے میں کامیاب، لوگوں کا خراج تحسین

اتوار 25 اگست 2019 18:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) ریسکیو 1122 اور شہری دفاع پانچ روز کی شبانہ روز کوششوں کے بعد دریائے سوات سے سیمنٹ ٹرک حادثہ میں لاپتہ لاش کو تلاش کرنے اور نکالنے میں کامیاب ہوگئے اس پانچ روزہ آپریشن کے دوران دونوں اداروں کے اہلکاروں و رضاکاروں کے علاؤہ انکے ضلعی سربراہان بھی ریسکیو آپریشن میں عملی طور پر شریک رہے جس پر چئیرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان یوسفزئی اور دیگر حکومتی، سیاسی و سماجی حلقوں نے ان اداروں کی بے لوث کاوشوں کو بیحد سراہا اور انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے واضح رہے کہ 5 دن پہلے سیمنٹ کی بوریوں سے بھرا ٹرک فضاگٹ کے مقام پر دریائے سوات میں گر گیا تھا اس حادثہ میں ٹرک میں سوار پانچ افراد میں سے 3 افراد زندہ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ دو افراد لاپتہ ہوگئے تھے ریسکیو 1122 اور شہری دفاع کے رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا جس کی بدولت ایک لاش 2 دن بعد تلاش کر لی گئی جبکہ دوسری لاش کی بازیابی کیلئے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس بٹ خیلہ اور سول ڈیفنس سوات نے مسلسل 5 روز دن رات ایک کرکے لاش ڈھونڈنے میں کامیابی حاصل کر لی یہ لاش دریا کے یخ بستہ پانی میں سیمنٹ کی 700 بوریوں تلے دب گئی تھی اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر عمران خان یوسفزئی، انچارج سول ڈیفنس سوات محمّد الیاس اور آرگنائزیشن کے تمام سینئر وارڈنز سارا دن موجود رہے لاش برآمد ہونے کے بعد سول ڈیفنس کے جوانوں نے اسے اس کے آبائی گاؤں خوازہ خیلہ میں اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا انچارج سول ڈیفنس سوات محمّد الیاس نے تمام رضاکاروں بالخصوص سول ڈیفنس بٹ خیلہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت اور پیسہ خرچ کرکے ایک غریب مزدور کی لاش ڈھونڈنے کیلئے 5 دن مسلسل کوششیں جاری رکھیں اور بالآخر کامیابی بھی حاصل کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں