چیئرمین ڈیڈیک نے مینگورہ میں نئے ٹیوب ویل کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اتوار 15 ستمبر 2019 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے مینگورہ کے علاقہ بنڑ محلہ چنار میں منعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران 95 لاکھ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی سکیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا اس موقع پر فضل حکیم خان نے فیتہ کاٹ کر ٹیوب ویل پر تعمیراتی کام کا باضابطہ آغاز کیا آبنوشی کا یہ منصوبہ مکمل ہونے سے علاقے کے لوگوں کا پینے کے پانی جیسا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا دوسری جانب علاقے کے لوگوں نے واٹر سپلائی کی اس نئی سکیم پر خوشی کا اظہار کیا اور علاقے کے مسائل حل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان کا شکریہ ادا کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ حلقہ پی کے 5 میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے ڈبلیو ایس ایس سی کو خطیر فنڈز دئے ہیں جبکہ مختلف یونین کونسلوں میں واٹر سپلائی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے مینگورہ شہر میں آبنوشی کا بحران کافی حد تک حل ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ حلقہ پی کے 5 میں بوسیدہ اور زنگ آلود تمام پائپ لائنوں کو تبدیل کیا جا رہا ہے جن علاقوں میں پانی کی پائپ لائن نہیں وہاں ضرورت کے مطابق نئی لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی کو ہم نے احکامات جاری کئے ہیں کہ شہریوں کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیا جائے کیونکہ میرے حلقے کے عوام میرے دل میں بستے ہیں جن کی تکلیف مجھ سے برداشت نہیں ہوتی انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والے اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا چیئرمین ڈیڈیک نے اس موقع پر علاقے میں بجلی مرمت اور تعمیراتی کاموں کیلئے دو کروڑ روپے فراہمی کا اعلان بھی کیا اور وہاں پر موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ حلقہ پی کے 5 کے عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار اور احسان عظیم کیا ہے انکی یہ محبت لاثانی ہے اسلئے انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کرونگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں