پشاور: نقب لگا کر اسلحہ ، ایمونیشن، لاکھوں روپے چوری کرنے والے 2ملزمان گرفتار

دونوں کا تعلق شہر کے نواحی علاقوں سے ہے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا نشاندہی پر قبضہ سے ہزاروں روپے نقد، تین عدد مسروقہ پستول اور سینکڑوں عدد کارتوس بھی برآمدکر لئے گئے ہیں، دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ، پولیس

بدھ 18 ستمبر 2019 00:08

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) پشاورپولیس نے تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں آرمز سٹور سے نقب لگا کر اسلحہ، ایمونیشن اور لاکھوں روپے چوری کرنے والے دو ملزمان کوگرفتار کرلیا، دونوں ملزمان کا تعلق شہر کے نواحی علاقوں سے ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جن کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے ہزاروں روپے نقد، تین عدد مسروقہ پستول اور سینکڑوں عدد کارتوس بھی برآمدکر لئے گئے ہیں، دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہیتفصیلات کے مطابق مدعی حوس خان ولد محبوب خان سکنہ ماشو خیل حال مالک جان اینڈ کو آرمز کمپنی نے تھانہ بھانہ ماڑی پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ رات کے وقت کسی نامعلوم ملزمان نے اس کے سٹور میں نقب لگا کر سٹور سے 12 عدد پستول، لاکھوں روپے نقد اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس چوری کر لئے ہیں جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئیایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے نقب زنی کی واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی عتیق شاہ اور ایس ایچ او تھانہ بھانہ ماڑی تیمور سلیم پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیاایس ایچ او تیمور سلیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرنے کے ساتھ ساتھ بازار کے چوکیدار کی مشکوک حرکات و سکنات پر اسے بھی شامل تفتیش کیا جس کے دوران چوکیدار ملزم شوکت ولد رسول خان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے دوسرے ساتھی کے ہمراہ رات کی تاریکی میں سٹور سے پستول، کارتوس اور نقد رقم چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ، ملزم نے دوران تفتیش اپنے شریک ساتھی کا نام بھی اگل دیا جس پر پولیس نے ملزم اسماعیل ولد رحیم شاہ سکنہ گڑھی قمر دین کو بھی گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان کی نشاندہی پر ان کے قبضہ سے تین عدد مسروقہ پستول، ہزاروں روپے نقد اور سینکڑوں عدد مختلف بور کے کارتوس برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کیدوران ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جار ہی ہے

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں