کٹھ پتلی حکمرانوں نے سارا زور متوسط طبقے کے خاتمے پر صرف کئے رکھا، ایمل ولی خان

بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر کے حکومت نے شکست تسلیم کر لی ہے، خیبر پختونخوا تباہی کے دہانے پر ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کو جیتے جی مار دیا، صدر اے این پی خیبرپختونخوا

بدھ 18 ستمبر 2019 19:22

پشاور،سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار اختیار کر کے حکومت نے شکست تسلیم کر لی ہے ، پختون تاریخ کے تلخ دور سے گزر رہے ہیں ،آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے پختونوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل کبل سوات میں مختلف کارنر میٹنگز اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے جلسوں میں عوام کی بھرپور تعداد میں شرکت اور پذیرائی پر انہیں خراج تھسین پیش کیا اور کہا کہ سوات شہدا کی سرزمین ہے جنہوں نے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے امن کا قیام یقینی بنایا ، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج کے حکمران عوامی نمائندے نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار اور کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں ، ایمل ولی خان نے کہا کہ ملک بالخصوص خیبر پختونخوا تباہی کے دہانے پر ہے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کو جیتے جی مار دیا ہے، جبکہ ملک سے متوسط طبقے کا خاتمہ ہوتا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری نے ملکی معیشت کھوکھلی کر دی ہے لیکن نااہل حکمرانوں نے صرف اپنی تجوریاں بھرنے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ہونے والے ایک سروے کے مطابق صرف ایک سال میں 40لاکھ گھرانے مڈل کلاس سے خط غربت سے نیچے آ گئے ، ماضی کے حکمران اگر چور تھے تو حالات کیوں بہتر تھے آج فرشتوں کی حکومت میں روٹی غریب کی دسترس سے دور ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں جتنے قرضے لئے اس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،ایمل ولی خان نے کہا کہ ہم نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے اپنے وسائل پر اختیار حاصل کیا ،لیکن موجودہ کٹھ پتلیوں نے وہ تمام وسائل پھر سے پنجاب منتقل کر دیئے ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے، حکمرانوں کی عوام دشمنی کے باعث تمام وسائل یہاں سے منتقل کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں دہشت گردی اور سیلاب کا مقابلہ کیا اس کے باوجود عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں