ضلعی انتظامیہ کی پشاور کے دیہاتی علاقے درمنگی میں کھلی کچہری

عوام کی بڑی تعداد میںشرکت۔ اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔عوامی مسائل کا ان کی دہلیز پر حل اولین ترجیح ہے۔ ڈپٹی کمشنرمحمد علی اصغر

جمعرات 19 ستمبر 2019 22:30

-پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2019ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاورکے دیہاتی علاقے درمنگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ کھلی کچہری میںڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر، ایس پی رورل علی بن طارق، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کواٹر اصلاح الدین، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرٹائون ٹو منیٰ ظاہر سمیت ضلعی انتظامیہ اور ماتحت محکموں کے افسران ، ڈی سی رضا کار فو رس کے عامرنواب، ملک افتخار، ریونیو سٹاف ،عوامی نمائندگان ، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گورنمنٹ پرائمری سکول مردانہ درمنگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کروائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیا دہ ہے اس لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جا ئے جبکہ علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اور اکثر صبح کے وقت گیس بند کر دی جاتی ہے اس لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور سوئی گیس کا پریشر بحال کیا جائے ۔

انھوں نے درخواست کی کہ علاقے کے سکولوں میں لوکل افراد کو کلاس فور کی آسامیوں پر بھرتی کیا جائے جبکہ علاقے میں لڑکیوں کے لیے ہائی سکول موجود نہیں ہے اور اکثر لڑکیاں سکول نہ ہونے کی وجہ سے آگے تعلیم کا سلسہ جاری نہیں رکھ سکتیں اس لیے زنانہ ہائی سکول کی منظوری دی جائے ۔عوام نے شکایت کی کہ علاقے میں ماربل فیکٹریاں سے نکلنے والے مواد کی وجہ سے نالیاں بند رہتی ہیں جس کی وجہ سے نکاس کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے اس لیے ان ماربل فیکٹریوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

انھوں نے شکایت کی کہ علاقے میں چوریوں کی وارداتوں میں بہت اضافہ ہو ا ہے اس لیے پولیس کا گشت بڑھا یا جائے جبکہ علاقے میں آئس نشے کا کاروبار کر نے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ انھوں نے درخواست کی کہ علاقے میں آبپاشی کی نہروں کے کناروں کی مرمت کر کے جنگلے اور سائیڈ وال تعمیر کیے جائیں کیوں کہ جنگلے نہ ہونے کی وجہ سے کئی بچوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔

کھلی کچہری میں درمنگی گارڈن کے رہائشیوں نے درخواست کی کہ ان کے علاقے میں بوسیدہ بجلی کی تاروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں