وزیر قانون وپارلیمانی امور اور انسانی حقوق کی متعلقہ محکموں کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

جمعہ 20 ستمبر 2019 18:16

پشاور۔20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو ریلیف دیں اورکسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ یہ ہدایت انہوں نے ضلع چارسدہ کے ڈیڈک چیئرمین کے دفتر میں جمعہ کوکھلی کچہری کے دوران دی۔

اس موقع پررکن صوبائی اسمبلی وڈیڈک چیئرمین خالدخان مہمند، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔کھلی کچہری کے دوران عوام نے انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر قانون و پارلیمانی امور نے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوام کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عوام کے مسائل حل نہ ہونے کی دوبارہ شکایت ہوئی تو اس صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کھلی کچہری کے بعد وزیر قانون نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ امن وامان کی صورتحال بہتر بنائیں گے اور عوام کو سہولیات فراہم کریں گے، انشاء اللہ ہم چارسدہ کو ماڈل ضلع بنا کر عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چار سدہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری ہوچکی ہے اور بہت جلد اس پر عملی کام شروع ہوگا، اس کے علاوہ ضلع چارسدہ میں 200 کلومیٹر سڑک سمیت چارسدہ بازار کے فلائی اوور پر اسی سال کام شروع ہوگا۔

مہمند ڈیم کے رائلٹی اور بھرتیوں کے حوالے سے سوال پر وزیر قانون نے کہا کہ رائلٹی صوبے کو ہی ملے گی اور علاقے کے لوگوں کو بھی بھرتی کیا جائے گا۔ وزیر قانون نے ڈی پی او چارسدہ کا عمر زئی میں 3 بھائیوں کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہم نے ڈی پی او کو واضح ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع میں جرائم کی روک تھام یقینی بنائیِں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان کو ایک فلاحی مملکت بنائیںگے جہاں انصاف کا بول بالا ہوگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں