خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اصلاحات، وزیراعلیٰ نے گرین سگنل دے دیا، معاون خصوصی کامران بنگش

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ سائنس و آئی ٹی کی مد میں خیبرپختونخوا دیگر صوبوں کی نسبت بہترین پوزیشن سے آگے جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان بھی اس کارکردگی کے معترف ہیں لیکن صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ اس کارکردگی کو مزید بھی بہتر بنا دیا جائے۔

اسی سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئی ٹی بورڈکے حوالے سے اصلاحات جلد از جلد متعارف کروانے کے لئے گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے محکمہ سائنس و آئی ٹی میں اصلاحات بارے میڈیا کو جاری ایک بیا ن میں کیا۔ کامران بنگش نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال میں ہم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن کے بہترین نتائج عوام کے سامنے ہیں۔

(جاری ہے)

اصلاحات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کامران بنگش نے واضح کیاکہ کارکردگی کے حوالے ہمارا موقف واضح ہے ہر وہ آفیسر جو کام نہیں کرے گا اس کے لئے آگے جانے کے لئے تمام راستے بند کر دئیے جائیں گے۔ کیونکہ وقت کا تقاضا ہے کہ آئی ٹی بورڈ کو جدید اور بین الاقوامی خطوط پر از سر نو آگے بڑھایا جائے۔ جبکہ دوسری جانب وفاقی و صوبائی حکومت کی اصلاحاتی ایجنڈے میں آئی ٹی بورڈ سرفہرست ہے اور اسی سلسلے میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیاری بھی مکمل ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایا ت کو سامنے رکھتے ہوئے آئی ٹی بورڈ میں ایسی اصلاحات کے لئے راہ ہموار کر رہے ہیں جس سے آفیسرز کی کارکردگی کی جانچ ہو اور اسی بنیاد پر آگے پروموشن اور تنخواہ بھی دی جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصلاحات کا عمل ان تمام اداروں اور محکموں میں جاری رہے گا جو کارکردگی نہیں دکھاتے اور عوامی ٹیکسوں کو ضائع کر تے ہیں۔

ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ جو آفسران کارکردگی نہیں دکھائیں گے وہ گھر جائیں گے۔ نئی متوقع اصلاحات کے نتیجے میں آئی ٹی بورڈ کے آفیسرز کی کارکردگی اور ان کی جوابدہی کا طریقہ کار بھی واضح ہو جائے گا جس سے بورڈ کی کارکردگی مزید بہتر ہو جائے گی۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ تمام محکمہ جات میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا اور جو بھی آفیسراصلاحاتی عمل میں رکاوٹ ڈالے گا ان کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی جس طرح پٹواری مافیا کو راہ راست پر لایا گیا اسی طرح تمام سرکاری آفیسرز کو بھی راہ راست پر لائیں گے جو عوامی ٹیکسز پر تنخواہ تو لیتے ہیں مگر کارکردگی نہیں دکھاتے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں