Uضلعی انتظامیہ کی پشاور کے علاقے حسن خیل سب ڈویژن میں عوامی کھلی کچہری میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت، اپنے مسائل کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا،ترجمان ڈپٹی کمشنر پشاور

اتوار 22 ستمبر 2019 22:35

ّپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2019ء) ضلعی انتظامیہ نے پشاورکے علاقے حسن خیل سب ڈویژن میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا تھا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر ، سابقہ ضلع ناظم محمد عاصم خان، اسسٹنٹ کمشنر فہد اکرام قاضی، سمیت ضلعی انتظامیہ اور ماتحت محکموں کے افسران ، ڈی سی رضا کار فو رس کے عامرنواب، ملک افتخار،عوامی نمائندگان ، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول سمہ بڈھ بیرہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کروائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت طویل ہوتی ہے اس لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جا ئے جبکہ علاقے میں فوری سوئی گیس مہیا کی جائے کیوں کہ سوئی گیس نہ ہونے کی وجہ سے جنگلات کے درخت بطور ایندھن استعمال ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ علاقے میں پرائمری سکولوں کو جلد از جلد اپگریڈ کیا جائے اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جائے۔اور علاقے میں جو سکول دہشتگری کے خلاف جنگ میں متاثر ہوئے تھے ان کی عمارت کو مرمت یا نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ طلباء کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو سکے۔انھوں نے کہا کہ علاقے میں بنک ، پوسٹ آفس اور نادرہ کا دفتر نہ ہونے کی وجہ سے عوام اور سرکاری ملازمین کو سخت تکلیف ہے اس لیے علاقے میں بنک ، پوسٹ آفس اور نادرہ کا دفتر قائم کیا جائے۔

جبکہ جدید لائبریری بھی قائم کی جائے۔انھوں نے درخواست کی کہ علاقے کے ہیلتھ سنٹرز میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے۔ انھوں نے علاقے میں ٹیوب ویلوں کو سولرسسٹم پر منتقل کر نے کی درخواست کی کیوں کہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ٹیوب ویل صحیح کام نہیں کر رہے جبکہ اکثر بند پڑے ہیں۔انھوں نے درخواست کی علاقہ کے اکثر افراد کے صحت انصاف کارڈ نہیں بنے ۔

اس لیے ان کے صحت انصاف کارڈ بنانے میں مدد کی جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر پشاور سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں