محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا میں سیاحت کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہا ہے، شہرام خان ترکئی

منگل 15 اکتوبر 2019 17:42

پشاور۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات صوبے میں سیاحت کی ترقی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کر رہا ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار صوابی میں تھائی لینڈ سے آئے ہوئے سیاح مہمانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں علاقہ مشران اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ پاکستان امن پسند اور مہان نواز لوگوں کا ملک ہے لیکن بدقسمتی سے انٹرنیشنل میڈیا نے پاکستان کے مثبت کی بجائے منفی امیج کو اجاگر کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے حکومت خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہرام خان ترکئی نے تھائی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ نے سیاحت کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے اور ہم اس شعبے میں تھائی لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تھائی مہمان پاکستان کا ایک بہتر امیج لے کر واپس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ انہی حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں دنیا کے مختلف ممالک سے سیاح پاکستان کا رخ کر رہے ہیں جس سے ایک طرف زرمبادلہ میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف ملک کا اچھا امیج بھی دنیا کے سامنے آ رہا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر ملک اور اس کے پرچم کو عزت دینا خوددار قوموں کا وطیرہ ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں