وزیراعظم کی کوششوں اور صحیح فیصلوں کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر گری لسٹ سے نکل رہا ہے،شوکت یوسفزئی

عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کی صحیح ترجمانی کی ،دنیا میں وہ اسلامی مما لک کے لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں،ہماراملک مقروض ہے غریب نہیں ،قدرت کے بے تحاشا وسائل موجود ہیں ،ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ملک مقروض ہوا ،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

منگل 15 اکتوبر 2019 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں اور صحیح فیصلوں کی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی سطح پر گری( Gray) لسٹ سے نکل رہا ہے۔ عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اسلام اور مسلمانوں کی صحیح ترجمانی کی اور دنیا میں وہ اسلامی مما لک کے لیڈر کے طور پر ابھرے ہیں۔

ہماراملک مقروض ہے لیکن غریب نہیں ہمارے پاس قدرت کے بے تحاشا وسائل موجود ہیں ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ملک مقروض ہوا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے عوام پر 30 ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھا دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو قرضوں سے نکالنے کے لیے سخت فیصلے کیے اور وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے مشکل وقت جلد ختم ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور بالخصوص ہمارے صوبے میں سپورٹس کا بے تحاشا ٹیلنٹ موجود ہے انکو آگے لانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں وہ گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار میں منعقدہ پہلے انٹر کلاسسز سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر سید عاقل شاہ نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان 1947 میں آزاد ہوا ہے تو مولانا فضل الرحمان اب آزادی مارچ کس لیے کر رہے ہیں مولانا فضل الرحمان حکومت کو پریشرائز کرنے کے لیے دھرنا دے رہے ہیں تا کہ احتساب کا عمل روکا جائے لیکن مولانا کو پتہ نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کسی دباؤ میں نہیں آتے انہوں نے کہا کہ مولانا چاہے جو بھی کرلیں احتساب کا عمل نہیں رکے گا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں چوروں، لٹیروں اور کرپٹ لوگوں کی جگہ صرف جیل ہے۔

زرداری اور نواز شریف کو جیل میں ڈال کر عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سپورٹس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے سب کو میرٹ پر آگے لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جو جتنی محنت کرے گا اتنا آگے جائے گا پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود کی اہمیت سے حکومت بخوبی آگاہ ہے کیونکہ صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ طالبات اور کھلاڑی ابھی سے اپنے لیے رول ماڈل منتخب کرلیں اور محنت کریں کامیابی ضرور ملے گی آج تک ہم نے جس چیز کو بھی حاصل کرنے کا ارادہ کیا اس کے لیے سخت محنت کی اور اللہ نے کامیابی دی۔اس موقع پرکالج کی طالبات نے مختلف کھیل اور ٹیبلوز پیش کیے اور کالج کی طرف سے صوبائی وزیر کو بھی شیلڈ پیش کی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں